مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری نے عمران خان کے الٹی میٹم اور آئندہ پلانز کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے پاس ان کیلئے صرف ایک ہی پلان ہے اور اس کا نام رانا ثناء اللہ ہے۔ نجی ٹیلی وژن کو انٹرویو دیتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی چیئرمین ہمارے پلان رانا ثناء اللہ سے اس قدر خوفزدہ ہیں کہ ان سمیت تمام تحریک انصاف کے قائدین رات کو سوتے میں اٹھ کر بیٹھ جاتے ہیں۔ عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ سابق سپیکر نے خود آئین شکنی کی، ان کیلئے عدالتوں کو رات کے وقت کھولا گیا تھا۔ وہ اب ہمیں قانون اور آئین پر ہمیں درس دے رہے ہیں۔ لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والے کہہ رہے ہیں کہ ہم بڑے پرامن لوگ ہیں۔ لیکن اس جھوٹ کو ثابت کرنے کیلئے ہمارے پاس ان کا ماضی کا ٹریک ریکارڈ موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ روز پہلے ہی اسلام آباد کو جس طرح آگ لگائی گئی، فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو نذر آتش کیا گیا، پولیس وینز کو آگ لگائی گئی، پولیس اہلکاروں پر بدترین تشدد کیا گیا۔ اس وقت کم از کم 31 پولیس اہلکاروں کا علاج کیا جا رہا ہے۔ جبکہ 2 اہلکاروں نے شہادت پائی۔ ان کا کہنا تھا کہ کنٹینر ہٹانے کے دوران پی ٹی آئی کے دو نوجوانوں کی بھی شہادتیں ہوئیں جو کہ انتہائی افسوسناک ہے۔ ہم اس غم میں ان کے خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ صورتحال یہ ہے کہ عمران خان کو اپنا اسلام آباد مارچ کامیاب دکھانے کیلئے جعلی تصویروں کا سہارا لینا پڑ رہا ہے۔ اپنے دور میں سرکاری ملازمین پر کی جانے کی آنسو گیس کی شیلنگ کی تصویریں جاری کر رہے ہیں۔