آرامکو کا گیس اینڈ آئل پاکستان لمیٹڈ کے 40 فیصد شیئرز خریدنے کا عمل مکمل

آرامکو کا گیس اینڈ آئل پاکستان لمیٹڈ کے 40 فیصد شیئرز خریدنے کا عمل مکمل
سورس: ویب ڈیسک

ویب ڈیسک: تیل پیدا کرنے والی سعودی عرب کی سرکاری کمپنی آرامکو نے پاکستان میں گیس اینڈ آئل پاکستان لمیٹڈ (گو) کے 40 فیصد حصص خریدنے کے عمل کو مکمل کرنے کے بعد پہلی مرتبہ باضابطہ طور پر پاکستان کی فیول ریٹیل مارکیٹ میں قدم رکھ دیا ہے۔

آرامکو کے ایگزیکٹو وائس پریزیڈینٹ آف پروڈکٹس اینڈ کسٹمر یاسر مفتی نے اس حوالے سے جمعے کو جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا: ’ہماری عالمی سرمایہ کاری میں تیزی آرہی ہے اور یہ (پاکستانی کمپنی کے حصص کا) حصول ہمارے سفر کا ایک اہم اگلا قدم ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’گو‘ کے ساتھ اپنی سٹریٹجک شراکت داری کے ذریعے ہم آرامکو کی پاکستان میں قابل قدر صارفین کو اعلیٰ معیار کی مصنوعات اور خدمات فراہم کرنے کے منتظر ہیں۔‘

یاسر مفتی نے مزید کہا: ’ہم آرامکو کے عالمی شراکت داروں کے بڑھتے ہوئے نیٹ ورک میں ایک اور اعلیٰ صلاحیت کے اضافے کا خیرمقدم کرنے پر پرجوش ہیں اور نئے مواقعوں کے دروازے کھولنے اور آرامکو برانڈ کو بیرون ملک مزید فروغ دینے کے لیے اپنے وسائل اور مہارت کو یکجا کرنے کے منتظر ہیں۔‘

آرامکو اینڈ گیس نے دسمبر 2023 میں گیس اینڈ آئل پاکستان لمیٹڈ میں 40 فیصد حصص حاصل کرنے کے معاہدے پر دستخط کیے تھے، جس کا اعلان آرامکو اور گو کی جانب سے  جاری ہونے والے ایک مشترکہ بیان میں کیا گیا تھا۔

Watch Live Public News