اسلام آباد: ( پبلک نیوز) سپیکر آفس نے وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے روز متحدہ اپوزیشن کو سرپرائز اور ٹف ٹائم دینے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومتی حکمت عملی کے تحت وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد کی راہ میں قدم قدم پر روڑے اٹکانے کی پالیسی اختیار کی جائے گی۔ سپیکر قومی اسمبلی کے ذریعے اپوزیشن کو ٹف ٹائم دیا جائے گا۔ سپیکر آفس تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنانے کے لئے سرگرم وہ چکا ہے۔ تحریک عدم اعتماد پر رائے شماری کے وقت اپوزیشن کو سرپرائز دینے کا منصوبہ سامنے آ گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکرٹریٹ افسران نے سپیکر قومی اسمبلی کو مشورہ دیا ہے کہ ووٹنگ کے وقت اراکین سے اصل قومی شناختی کارڈ اور قومی اسمبلی کے کارڈز کا مطالبہ کیا جائے۔ اراکین قومی اسمبلی کے پاس شناختی کارڈ یا قومی اسمبلی کا کارڈ نہ ہونے کی صورت میں ان کو ووٹ کا حق نہیں دیا جا سکتا۔ کہا جا رہا ہے کہ منصوبے کی سن گن اپوزیشن کو مل گئی ہے، اس پر انہوں نے جوابی حکمت عملی تیار کر لی ہے۔ اپوزیشن اور اتحادی اراکین کو قومی شناختی کارڈ یا قومی اسمبلی کا کارڈ ساتھ لانے کی سختی سے ہدایات دے دی گئی ہے۔ اپوزیشن ذرائع کا کہنا ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو اس بات کا جواز نہ دیا جائے کہ اراکین کے پاس اپنی شناخت سے متعلق دستاویزات نہیں ہیں۔ خیال رہے کہ تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کیلئے بروز اتوار مورخہ 3 مارچ کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔