تنازعات کا شکار بنچ عدلیہ کی ساکھ کیلئے ٹھیک نہیں ، شیری رحمان

تنازعات کا شکار بنچ عدلیہ کی ساکھ کیلئے ٹھیک نہیں ، شیری رحمان
اسلام آباد: وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی اور سینیٹر شیری رحمان کا کہنا ہے کہ نو ارکان پر مشتمل عدالتی بنچ 3 ارکان تک محدود ہوگیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ پیغام میں شیری رحمان نے کہا ہے کہ بنچ جس طرح تنازعات، تقسیم کا شکار ہے، عدلیہ کی ساکھ اور تاثر کے لئے ٹھیک نہیں ہے ، صاف ظاہر ہے یہ بنچ اکثریت اور غیرجانبداری کھو چکا ہے ، فیصلے سے پہلے بنچ متنازع ہو جائے تو وہ انصاف نہیں ہوتا ہے ۔ وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی نے کہا کہ دوسری طرف حکومت، بار کونسل کی فل کورٹ بنچ کی استدعا پھر مسترد کر دی گئی ہے ، فل کورٹ بنچ کی درخواست مسلسل مسترد ہونے پر کئی سوالات جنم لے رہے ہیں ، اعلیٰ عدالت سے گزارش ہے کہ فل کورٹ بنچ کی درخواست پر نظرثانی کرے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ صرف حکومت کا نہیں ہے بلکہ پوری قوم کا مطالبہ ہے ، اس بحران کا حل کورٹ کی اجتماعی دانش میں ہے ، تین ججز پر مشتمل بنچ کا فیصلہ عدالتی اجتماعی دانش نہیں ہو سکا ہے ، معزز ججز کو اندرونی تقسیم، تنازع زائل کرنے کے لئے ساتھ بیٹھنا چاہیے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عدالت کو اپنی ساکھ ، غیرجانبداری کا تاثر بحال کرنے کا موقع ضائع نہیں کرنا چاہیے ۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔