ویب ڈیسک :اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیل دباؤ پر قابو پا کر امریکی صدر جو بائیڈن کی مخالفت کے باوجود رفح میں داخل ہو جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا رفح میں حماس کے خلاف آپریشن کو کسی بھی چیز کی وجہ سے روکا نہیں جائے گا۔ فوجی دباؤ اور مذاکرات میں لچک یرغمالیوں کی رہائی کا باعث بنے گی۔ نیتن یاہو نے اعلان کیا کہ اسرائیلی فورسز نے غزہ کے شفا ہسپتال میں 200 سے زائد مسلح افراد کو قتل کردیا ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق صہیونی وزیر دفاع یوو گیلنٹ اور چیف آف سٹاف ہرزی ہیلیوی سمیت سینئر اسرائیلی حکام پہلے ہی امریکی حکام سے رفح میں زمینی آپریشن کے منصوبوں کے متعلق بات کر چکے ہیں۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ امریکہ رفح میں فوجی آپریشن کا مخالف نہیں ہے تاہم اسے صرف آپریشن کے نفاذ کے طریقہ کار پر تحفظات ہیں۔ وہ صرف یہ چاہتا ہے کہ لڑائی کے دوران مزید شہریوں کی ہلاکت کو روکا جائے۔
شہدا ء اقصی اسپتال پر اسرائیل کا حملہ ،4 شہید
دوسری طرف عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس گیبریئس نے کہا ہے کہ اسرائیل نے ’’ شہدا اقصیٰ ‘‘ ہسپتال پر بھی حملہ کردیا ہے اور اس حملے میں چار افراد ہلاک اور 17 زخمی ہوگئے ہیں۔ انہوں نے ’’ ایکس‘‘ پر بتایا کہ عالمی ادارہ صحت کی ایک ٹیم غزہ کے شہاء الاقصیٰ ہسپتال میں انسانی ہمدردی کے مشن پر تھی جب ہسپتال کے احاطے کے اندر ایک کیمپ کو نشانہ بنایا گیا۔ ڈبلیو ایچ او کی ٹیم ضروریات کا جائزہ لینے اور شمالی غزہ بھیجنے کے لیے انکیوبیٹر وصول کرنے کے لیے ہسپتال میں موجود تھی۔
غزہ کے میڈیا آفس نے کہا ہے کہ یہ دھماکا اس وقت کیا گیا جب بیمار، زخمی اور بے گھر لوگوں کی نقل و حرکت عروج پر تھی۔ ایک نیا قتل عام کیا گیا ہے۔ اُدھر اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے لڑاکا طیارے نے اقصی شہدا ہسپتال کے صحن میں حملہ کیا جو تحریک اسلامی جہاد کے آپریشن روم کے طور پر استعمال ہو رہا تھا۔
اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کا ہرنیا کا آپریشن
وزیرِ اعظم بنجمن نیتن یاہو کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اتوار کو ان کی ہرنیا کی سرجری ہوئی ۔ ڈاکنرز نے انکشاف کیا ہے کہ وزیراعظم کو دوران سرجری مکمل طور پر بے ہوش کیا گیا۔ بنجمن نیتن یاہو کےمعمول کے معائنے کے دورانہرنیا کا پتہ چلا تھا۔
اسرائیلی مظاہرین کا وزیراعظم نیتن یاہو کے خلاف احتجاج
غزہ میں قید اسرائیلیوں کے اہل خانہ سمیت ہزاروں افراد اسرائیلی پارلیمنٹ کے باہر احتجاج کررہے ہیں، مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ جب تک اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو استعفیٰ نہیں دیتے وہ اپنا احتجاج ختم نہیں کریں گے۔
الجزیرہ‘ کی رپورٹ کے مطابق غزہ میں قید اسرائیلیوں کے اہل خانہ سمیت ہزاروں افراد نے تل ابیب سمیت اسرائیل کے مختلف شہروں میں قیدیوں کی رہائی کے لیے احتجاجی ریلی نکالی۔ہزاروں مظاہرین نے مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی پارلیمنٹ کی طرف احتجاجی مارچ بھی شروع کیا جبکہ انہوں نے صیہونی وزیراعظم کی رہائشگاہ جانے کی بھی کوشش کی۔
نو منتخب فلسطینی وزیراعظم نے حلف اٹھا لیا
فلسطینی اتھارٹی میں اصلاحات کے لیے شدید بین الاقوامی دباؤ کے درمیان نئی فلسطینی حکومت نے حلف اٹھا لیا ہے۔
فلسطینی خبر رساں ایجنسی WAFA کے مطابق، وزیراعظم محمد مصطفیٰ کی قیادت میں کابینہ نے اتوار کو مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر رام اللہ میں صدر محمود عباس کے سامنے سرکاری طور پر حلف لیا۔مصطفیٰ کو اس ماہ کے شروع میں سابق وزیر اعظم محمد شطیہ کی جگہ مقرر کیا گیا تھا جنہوں نے فروری میں اپنی حکومت کے ساتھ استعفیٰ دے دیا تھا۔