ویب ڈیسک : صادق آباد میں تھانہ بھونگ کی حدود کچہ بچاؤ بند پر قائم پولیس چوکی پر ڈاکوؤں نے اندھا دھند فائرنگ کردی، فائرنگ سے چوکی پر تعینات تین پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس مقابلہ میں 04 خطرناک ڈاکو ہلاک، 04 زخمی کئے جانے پر ساتھیوں نے رات کی تاریکی میں بھونگ کچہ میں پولیس مورچے پر بزدلانہ حملہ کیا۔ جام شہادت نوش کرنے والے اہلکاروں میں پنجاب کنسٹیبلری کے کانسٹیبل جہانگیر، کانسٹیبل امتیاز اور کانسٹیبل طارق شامل ہیں۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔
ترجمان پولیس کے مطابق گزشتہ روز کچہ ماچھکہ میں پولیس مقابلے میں چار خطرناک ڈاکو ہلاک اور چار زخمی ہوئے تھے جبکہ مقابلے کے دوران ایس ایچ او تھانہ ماچھکہ رانا محمد رمضان ہارٹ اٹیک کے باعث شہید اور ایک پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے۔ڈی پی او کی ہدایت پر پولیس کی بکتر بند گاڑیاں ڈاکوؤں کے تعاقب میں کچہ کی جانب روانہ ہوگئے۔
کچے ماچھکہ بھونگ کے علاقے میں ڈاکوؤں کے ساتھ پولیس مقابلے کے دوران شہادت کا رتبہ پانے والے ایس ایچ او ماچھکہ سمیت چاروں پولیس شہداء کی نماز جنازہ صادق شہید پولیس لائنز میں ادا کر دی گئی۔ ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب محمد کامران خان، آر پی او بہاولپور، ڈی پی اوز سمیت سینئیر افسران اور سول سوسائٹی کی کثیر تعداد نماز جنازہ میں شریک ہوئی۔ شہداء کو پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی، سینئیر افسران نے جسد خاکی پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔