پنجاب  میں اسموگ کی صورتحال، ماسک پہننا لازمی قرار

پنجاب  میں اسموگ کی صورتحال، ماسک پہننا لازمی قرار

(ویب ڈیسک )  وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اسموگ کی صورتحال میں جنگی بنیادوں پر کام کرنے کی ہدایت کردی۔ وزیراعلیٰ نے ماحولیاتی قوانین پر عمل درآمد کی ہدایت کی اور ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا۔

اس حوالے  سے  سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ  شہری ماحولیاتی آلودگی کے خلاف جہاد میں بھرپور حصہ لیں، بھارت سے تیز ہواؤں کے ساتھ آنے والی اسموگ سے بچاؤ میں ہر شہری کو کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اسموگ پر قابو پانے کے ایس او پیز پر عملدرآمد میں کوتاہی برداشت نہیں ہوگی، لاہور میں سیاہ دھوئیں والی گاڑیاں، چمنیاں بند رہیں گی اور فصلوں کی باقیات جلائی گئیں تو گرفتاریاں ہوں گی۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ   اسموگ کی شدت میں کمی کیلئے لاہور میں ہنگامی ٹریفک پلان جاری کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ  لاہور میں فضائی آلودگی کی وجہ سے پیدا ہونے والی اسموگ کی مقدار انتہائی خطرناک سطح پر پہنچ گئی ہے۔ حد نگاہ بھی متاثر ہونے لگی اور  شہریوں میں آنکھ، ناک اور گلے کی شکایات سامنے آنے لگیں۔

Watch Live Public News