اومیکرون سے بچائو کیلئے این سی او سی کا نیا ہدایت نامہ

اومیکرون سے بچائو کیلئے این سی او سی کا نیا ہدایت نامہ
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) انسداد کورونا کے ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر ( این سی او سی) نے عالمی وبا کی نئی قسم ' اومیکرون' کے پیش نظر دفاتر، مزارات اور شادی ہالز کیلئے نیا ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے۔ این سی او سی کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے اومیکرون کی وجہ سے عائد نئی پالیسیاں یکم دسمبر سے 15 دسمبر تک نافذ العمل رہیں گی۔ لاک ڈائون کیلئے ملک بھر میں کوئی دن مخصوص نہیں کیا جائے گا۔ بیرون ممالک سے آنے والے مسافروں اور پاکستانیوں پر بھی نئی پالیسی کا اطلاق ہوگا جبکہ سیاحتی علاقوں میں جانے کے خواہشمند افراد کیلئے ویکسی نیشن لازمی ہوگی۔ نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام ٹرینوں کو 80 فیصد ویکسینیٹڈ مسافروں کیساتھ ہی چلایا جائے گا۔ سینما گھر میں ویکسین شدہ شہریوں کو جانے کی اجازت ہوگی اور ایسے علاقے جہاں ویکسین لگوانے والے افراد کی تعداد کم ہے، وہاں صرف رات 10 بجے تک کاروباری سرگرمیاں چلانے کی اجازت دی جائے گی۔ بہتر ویکسی نیشن والے شہروں میں ہوٹلز اور ریسٹورنٹس 70 فیصد گنجائش کے ساتھ رات 12 بجے تک کام کر سکیں گے۔ ملک کے ایسے تمام علاقے اور شہروں میں جہاں ویکسی نیٹڈ افراد کی تعداد ٹھیک ہے، وہاں آئوٹ ڈور تقریبات میں ایک ہزار جبکہ ان ڈور تقریبات میں پانچ سو افراد کو شرکت کی اجازت ہوگی۔ ٹرانسپورٹ 100 فیصد مسافروں کے ساتھ چلائی جا سکے گی۔ جم، کھیلوں کی سرگرمیوں، دفاتر، مزارات، شادی کی تقریبات اور ڈائننگ کیلئے بھی کورونا کی مکمل ویکسی نیشن لازمی ہو گی۔ این سی او سی کی جانب سے اپنے ہدایت نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ کوئی خاص کورونا ایس او پیز لاگو نہیں کئے جا رہے، ملک بھر میں زندگی معمول کے مطابق بحال رکھی جائے گی۔ لیکن شہریوں کیلئے ماسک اور سماجی فاصلہ رکھنے سمیت تمام ایس او پیز پر عمل لازمی ہوگا۔

Watch Live Public News