مشی گن: ( پبلک نیوز) امریکی ریاست مشی گن کے ہائی اسکول میں فائرنگ کے نتیجے میں تین طالب علم ہلاک اور استاد سمیت آٹھ افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق 15 سالہ ملزم نے سیمی آٹومیٹک ہینڈگن سے 15 سے 20 گولیاں چلائیں اور اکیلے ہی اس حادثہ کو انجام دیا۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ ڈیٹرائٹ سے تقریباً 40 میل دور آکسفورڈ شہر میں حملے کے پیچھے اس حملہ آور کا مقصد کیا تھا۔ آکلینڈ کے مقامی اہلکار مائیک میک کیب نے آکسفورڈ ہائی سکول کے باہر ایک پریس کانفرنس میں صحافیوں کو بتایا کہ مقامی وقت کے مطابق صبح 12:51 پر ایمرجنسی سروس کال موصول ہوئی۔ چند منٹ بعد حکام کو 911 پر 100 کال کرکے واقعے کے بارے میں مطلع کیا گیا۔ مشتبہ طالب علم نے پولیس کی آمد کے پانچ منٹ کے اندر ہی ہتھیار ڈال دیے۔