ویب ڈیسک: صدر مملکت آصف علی زرداری نے نئے سال کے آغاز پر پاکستانی قوم اور عالمی برادری کو مبارکباد دی۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے سال نو کے آغاز پر ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ دعا ہے کہ نیا سال پاکستانی قوم کیلئے امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی لیکر آئے، صدر مملکت نے کہا کہ اُمید کرتا ہوں کہ نیا سال ترقی و خوشحالی اور عالمی سطح پر امن و استحکام کا سال ہو گا۔
آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے کیلئے یکجہتی، نظم و ضبط، مسلسل محنت اور لگن کے ساتھ کام کرنا ہوگا، پاکستان کے نوجوانوں کو مواقع فراہم کرکے اُن کی صلاحیتوں کو نکھارنے پر سرمایہ کاری کرنا ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو مضبوط بنانے کیلئے غریب طبقے کی ترقی پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی، بحیثیت قوم گزشتہ سال کی کامیابیوں اور ناکامیوں کا جائزہ لینے، ماضی سے سبق حاصل کرنے کی ضرورت ہے، سال کے آغاز پر عوامی خدمت، امن و استحکام کیلئے محنت سے کام کرنے کا عزم کریں۔
صدر مملکت نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے نیا سال ملک کیلئے کامیابیوں کا سال ہو۔