ویب ڈیسک: سابق وزیراعظم عمران خان پر پنجاب میں کتنے مقدمات درج ہیں؟ لاہور ہائیکورٹ میں جمع کروائی گئی رپورٹ پبلک نیوز نے حاصل کرلی.
عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق 9 مئی واقعات کے بعد بانی پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف پنجاب میں 59 مقدمات درج ہوئے، عمران خان کو 26 مقدمات میں گرفتار کیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 18 مقدمات میں بعدازگرفتاری درخواست ضمانتیں منظور ہو چکی ہیں،اور 2 مقدمات میں بے گناہ قرار دیا جا چکا ہے جبکہ پنجاب کی حدود میں درج کل 59 مقدمات میں سے 21 مقدمات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان ایف آئی آرز میں نامزد ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 38 مقدمات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو سپلیمنٹری بیان کے بعد نامزد کیا گیا، عمران خان کے خلاف درج 9 مقدمات میں تفتیش ہی مکمل نہیں ہو سکی۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ عمران خان کے خلاف درج 48 مقدمات میں نامکمل چالان جمع کروائے گئے، بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف ایک مقدمہ میں مکمل چالان جمع کروا دیا گیا ہے۔