شارک سب میرین انٹر نیٹ کیبل نہیں کاٹ سکتی: چیئرمین پی ٹی اے

 شارک سب میرین انٹر نیٹ کیبل نہیں کاٹ سکتی: چیئرمین پی ٹی اے
کیپشن: شارک سب میرین انٹر نیٹ کیبل نہیں کاٹ سکتی: چیئرمین پی ٹی اے

ویب ڈیسک: پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے چیئرمین حفیظ الرحمٰن نے کہا ہے کہ آج پہلی بار پتہ چلا کہ انٹرنیٹ کی بندش غلط ہوتی ہے۔ شارک سب میرین کیبل نہیں کاٹ سکتی اگر آپ کسی اور چیز کو شارک کہتے ہیں  تو الگ بات ہے۔

تفصیلات کے مطابق سینیٹر پلوشہ خان کی زیرِ صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا اجلاس ہوا جس میں وزارت آئی ٹی اور پی ٹی اے نے انٹرنیٹ میں خلل پر بریفنگ دی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی اے نے کہا ہے کہ پی ٹی اے کو روزانہ سوشل میڈیا مواد کی 500 شکایات موصول ہوتی ہیں، پی ٹی اے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو مواد بلاک کرنے کی درخواست کرتا ہے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارمز 80 فیصد مواد بلاک کر دیتے ہیں۔

سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا کہ ایکٹ میں کہاں لکھا ہے کسی خاص علاقے میں انٹرنیٹ بلاک کرنا ہے؟

ممبر لیگل وزارت آئی ٹی نے کہا کہ ایکٹ میں واضح کسی خاص علاقے کا نہیں لکھا۔

  چیئرمین پی ٹی اے نے کہا ہے کہ رولز میں لکھا ہے کہ وزارت داخلہ پی ٹی اے کو ہدایت دے سکتا ہے۔

سینیٹر کامران مرتضی نے کہا کہ قانون میں نہیں لکھا تو آپ انٹرنیٹ کیسے بلاک کر سکتے ہیں؟

چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ اگر یہ غلط ہے تو حکومت 9 سال سے ہم سے انٹرنیٹ کیوں بند کراتی ہے؟ میں تاریخ اور وقت بتا سکتا ہوں کب کب انٹرنیٹ بند ہوا۔

سینیٹر کامران مرتضی نے کہا کہ ہم حکومت نہیں ہم پارلیمان ہیں۔

چیئرمین پی ٹی اے نے کامران مرتضی سے کہا کہ آپ سب کبھی نہ کبھی حکومت میں رہے ہیں۔

سینیٹر ہمایوں مہمند کا کہنا تھا کہ رولز میں بھی صرف مواد کا ذکر موجود ہے۔

چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ اس حوالے سے حتمی قانونی رائے وزارت قانون اور وزارت داخلہ دے سکتی ہے، سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے حکم پر کئی بار سوشل میڈیا ایپس بند کی گئیں، کیا پھر 8 فروری کو الیکشن کے روز بھی نیٹ کی بندش غلط تھی؟ سپریم کورٹ کے حکم پر انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا ایپلی کیشنز بند ہوتی ہیں۔

سیکرٹری آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام نے کہا کہ رولز بنے ہوئے کئی سال ہو گئے ہیں۔

 سینیٹر کامران مرتضی نے کہا کہ کیا رولز ایکٹ سے آگے جا سکتے ہیں؟ اگر سپریم کورٹ کا فیصلہ ہے تو کیا وزارت نے نظرثانی دائر کی؟

سینیٹر ہمایوں مہمند نے کہا کیا وزارت کا یہ کام نہیں کہ سپریم کورٹ کو بتائے کہ یہ چیز ایکٹ یا رولز میں نہیں ہے۔

سینیٹر ندیم بھٹو نے کہا آپ فائیو جی نہ لائیں ہمیں دو ہزار تیئس والا انٹرنیٹ واپس کر دیں ۔

  چیئرمین پی ٹی اے نے کہا جب تک ڈیجیٹل ہائی ویز نہیں بنائیں گے الٹے بھی لٹک جائیں انٹرنیٹ ٹھیک نہیں ہوگا۔

سینیٹر ہمایوں مہمند نے کہا کہ کیا وزارت کا یہ کام نہیں کہ سپریم کورٹ کو بتائے کہ یہ چیز ایکٹ یا رولز میں نہیں ہے۔

کمیٹی کے رکن نے کہا کہ ڈاؤن لوڈ سپیڈ ٹھیک ہے مگر ایپلی کیشنز نہیں چل رہیں، وائس نوٹ بھی نہیں جا رہے۔

چئیرمین پی ٹی اے نے کہا کہ پاکستان میں سات سب میرین کیبلز ہیں، چار سے پانچ مزید سب میرین کیبلز اور آرہی ہیں، دو افریقہ کیبل بچھانے کا کام اسی سال مکمل ہوجائے گا، اس وقت دنیا میں انٹرنیٹ سپیڈ کے لحاظ سے 97 ویں نمبر پر ہیں، اس سب میرین کیبل کو شارک نہیں کاٹ سکتی، آپ کسی اور چیز کو شارک کہتے ہیں تو وہ الگ بات ہے۔

Watch Live Public News