ویب ڈیسک: ایف آئی اے راولپنڈی نے کارروائی کرتے ہوئے خاتون شہری کو ہراساں اور بلیک میلنگ میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ملزم مغیث ہمایوں کو چھاپہ مار کارروائی میں راولپنڈی سے گرفتار کیا گیا، ملزم نے خاتون شہری کی نازیبا ویڈیوز اور تصاویر بنائیں، ملزم مذکورہ تصاویر اور ویڈیوز کی بنیاد پر متاثرہ خاتون کو بلیک میل کرنے میں ملوث پایا گیا ۔
ایف آئی اے کا کہنا ہےکہ ملزم کے قبضے سے موبائل فون ضبط کر لیا گیا،ضبط شدہ فون سے مذکورہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور دیگر شواہد بھی برآمد کر لیے گئے، ملزم متاثرہ خاتون کی قابلِ اعتراض تصاویر اور ویڈیوز متاثرہ کے خاندان کے افراد کو بھی بھیجنے میں بھی ملوث پایا گیا، ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔