(ویب ڈیسک ) لاہور پولیس اور پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی (PSCA) نے عوامی خدمت اور فوری داد رسی کی شاندار مثال قائم کرتے ہوئے شہری کی نشاندہی پر برق رفتار کارروائی کی ہے، جس کے تحت لاہور کے تمام اہم انڈر پاسز میں سی سی ٹی وی کیمرہ جات کی تنصیبات کا عمل کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز کی فیس بک لائیو ای کچہری کے دوران شکیل الرحمٰن نامی شہری نے کمنٹ کرتے ہوئے نشاندہی کی تھی کہ لاہور کے انڈر پاسز میں سی سی ٹی وی کیمرے موجود نہیں ہیں، جس کی وجہ سے حادثات کی صورت میں لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور واردات کرنے والے ملزمان کی نشاندہی ناممکن ہو جاتی ہے۔
شہری کے اس کمنٹ پر ڈی آئی جی آپریشنز نے فوری نوٹس لیا جس کے بعد ایم ڈی سیف سٹی نے ہنگامی بنیادوں پر کارروائی کے احکامات جاری کیے۔
سیف سٹی اتھارٹی نے محض ایک ہفتے کے مختصر عرصے میں شہر کے تمام انڈر پاسز میں کیمروں کی تنصیب کا عمل مکمل کر لیا، جس سے انڈر پاسز میں ڈیجیٹل نگرانی کا دائرہ کار مکمل طور پر وسیع ہو چکا ہے۔
منصوبے کے تحت فیروزپور روڈ (لیاقت علی خان انڈرپاس)، نیو کیمپس (کشمیر انڈرپاس) اور بیجنگ انڈرپاس سمیت شہر کے تمام انڈر پاسز پر جدید کیمرے فعال کر دیے گئے ہیں، جس سے اب لاہور کے انڈر پاسز پہلے سے کہیں زیادہ محفوظ ہو گئے ہیں۔
جرائم کی روک تھام، حادثات کی مانیٹرنگ اور ملزمان کی بروقت شناخت کے نظام کو مؤثر بنانے کے اس فوری اقدام پر شہریوں نے پولیس اور سیف سٹی انتظامیہ کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔