ملک بھرمیں مون سون کا آغاز،لاہور سمیت مختلف شہروں میں موسلادھار بارش

ملک بھرمیں مون سون کا آغاز،لاہور سمیت مختلف شہروں میں موسلادھار بارش
کیپشن: ملک بھرمیں مون سون کا آغاز،لاہور سمیت مختلف شہروں میں موسلادھار بارش

ویب ڈیسک:(جوادملک) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں علی الصبح موسلادھار بارش ہوئی جس کے بعد موسم میں مزید بہتری آ گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی، بارش کی وجہ سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں، پانی جمع ہونے کے باعث گلیاں اور سڑکیں ندی نالوں کو منظر پیش کرنے لگی ہیں، بارش کی وجہ سے متعدد فیڈرز بھی ٹرپ کر گئے۔

لاہور / بارش

صوبائی دارالحکومت لاہور میں شملہ پہاڑی، لکشمی چوک، گوالمنڈی، قرطبہ چوک، ڈیوس روڈ، مال روڈ، اچھرہ، قینچی، چونگی امر سدھو، گجومتہ، اسلامپورہ، بند روڈ، انار کلی، شالامار باغ، ماڈل ٹاؤن، گلبرگ، گارڈن ٹاؤن سمیت دیگر مقامات پر بادل خوب برسے، شدید بارش کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔

شہر کے مختلف علاقوں میں تیز بارش، ڈی سی لاہور کی مختلف علاقوں میں نکاسی آب کی نگرانی,ڈی سی لاہور نے لکشمی چوک، قرطبہ چوک اور ملحقہ علاقوں میں نکاسی آب آپریشن کا جائزہ لیا.ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نےگلشن راوی، ساندہ اور گلبرگ میں نکاسی آب آپریشن مزید تیز کرنے کا حکم دیدیا۔

ڈی سی لاہور رافعہ حیدر 

ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے کہا کہ پری مون سون کی پہلی تیز بارش ہی انتہائی موسلادھار ہوئی۔ پری مون سون بارش مختلف علاقوں میں 100 ملی میٹر سے ذیادہ ہوئی۔قرطبہ چوک میں 110 ملی میٹر ، لکشمی چوک میں 105 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔جیل روڈ پر 48، گلبرگ میں 76 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔لکشمی چوک میں 105،مغلپورہ میں 53 ،پانی والا تالاب 72، گلشن راوی میں 61 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔نکاسی آب آپریشن مکمل تیزی سے جاری ہے۔

ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے مزید کہا کہ شہریوں سے گزارش ہے کہ غیر ضروری گھر سے مت نکلیں، بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں۔

لاہور کے علاوہ مریدکے، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، صفدر آباد، جڑانوالہ، فیصل آباد، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، کامونکی، نارووال، اوکاڑہ، جھنگ، بہاولپور، رینالہ خورد، کوٹ ادو، بھلوال، کبیروالا، حافظ آباد، منچن آباد، شورکوٹ، پاکپتن اور دیگر شہروں میں بھی صبح کے وقت کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔

بجلی کا ترسیلی نظام متاثر

پنجاب کے مختلف شہروں میں ہونیوالی بارش کے باعث گرمی کا زور ٹوٹنے سے موسم مزید خوشگوار ہو گیا، موسم ٹھنڈا ہونے کی وجہ سے شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے، بارش کی وجہ سے بعض مقامات پر بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

مریدکے/ بارش

مریدکے اور گردونواح میں گرج چمک تیز ہواوں کیساتھ موسلا دھار بارش  ہوئی، بارش نشیبی علاقے زیر آب گلیاں بازار ندی نالےبن گئے، بارش کے باعث شہر سمیت کئی علاقوں کی بجلی معطل  رہی جبکہ 7 فیڈر بند ہونے سے سیکڑوں دیہات کی بجلی بھی معطل ہوگئی۔لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ بارش ختم ہوتے ہی بجلی کا نظام بحال کردیا جائے گا،جانی مالی نقصان سے شہریوں کو بچانے کیلئے بجلی معطل کی گئی۔

کاہنہ/تیزہواؤں کے ساتھ بارش

کاہنہ  میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی ہلکی بارش  کے ساتھ موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ بارش کا آغاز ہوتے ہی متعدد علاقوں سے بجلی غائب  ہوگئی اور بجلی کی بندش کی وجہ ڈیوٹی پر جانے والوں کو مشکلات  کا سامنا کرنا پڑا۔

قصور / بارش

قصور شہر اور گرد ونواح میں سیاہ بادل برس پڑے ، بارش سے گرمی اور حبس سے شہریوں کےمرجھائے چہرے کھل اٹھے جبکہ بارش اور ٹھنڈی ہواؤں سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

شکرگڑھ،کرتار پور،اخلاص پور،کوٹ نیناں اور گردونواح میں بارش  سے موسم خوشگوار ہوگیا اور گرمی سے ستائےشہریوں کے چہرے کھل اٹھے،ٹھنڈا ٹھنڈا موسم بجلی غائب واپڈا کے کئی فیڈر ٹریپ کر گئے۔

خیبرپختونخوا ،کشمیر اور گلگت بلتستان/ بارش

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ تاہم شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا ،کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر آندھی/جھکڑ چلنے اورگرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان  ہے جبکہ  بالاکوٹ، مانسہرہ ، ایبٹ آباد،بونیر ، سوات ،خیبر، باجوڑ اور کرم  میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش  کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے اور مری ،گلیات ،راولپنڈی ، جہلم، چکوال،تلہ گنگ، اٹک،میانوالی،خوشاب میں بارش کا امکان ہے جبکہ گجرات،گوجرانوالہ، لاہور،نارووال، سیالکوٹ میں چند مقامات  پربارش  کاامکان ہے۔

بلوچستان/ بارش

موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع  میں  موسم گرم اور  مرطوب رہنے کا امکان ہے اور رات  کے اوقات میں ژوب اور گردونواح  میں چند مقامات پربارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ سندھ کے بیشتر اضلاع  میں  موسم    گرم اور  مرطوب  رہنے کا امکان ہے اور کشمیر اور  گلگت بلتستان  میں  مطلع جزوی  ابر آلود   رہنے  کا امکان ہے جب کہ  تیز  ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر   بارش  کا بھی امکان ہے۔

کراچی کا موسم

دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر قائد میں بارش کا امکان نہیں۔کراچی میں شدید گرمی اور حبس کی لہر برقرار  ہے اور کراچی میں آج مطلع جزوی ابر آلود اور موسم گرم ومرطوب رہنے کا امکان ہے۔ 

موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ صبح کے وقت شہر کا درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا،جس کی شدت 42 ڈگری تک محسوس کی جا رہی ہے۔آج دن کے وقت درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے ، ہوا میں نمی کا تناسب 74 فیصد ہونے کے باعث شہر میں حبس کی کیفیت بھی برقرار ہے۔ہوائیں 15کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔

Watch Live Public News

کونٹینٹ پروڈیوسر