'اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ سے محروم نہیں کیا گیا'

'اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ سے محروم نہیں کیا گیا'
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کہا ہے کہ پچھلے اور موجودہ قانون میں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹنگ کے حق سے محروم نہیں کیا گیا ہے۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے یہ ریمارکس اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم کرنے کیخلاف درخواست پر سماعت کرتے ہوئے دیئے۔ یہ درخواست گزار داؤد غزنوی نامی شہری کی جانب سے دائر کی گئی ہے جس میں ایڈووکیٹ عارف چودھری ان کی جانب سے پیش ہوئے۔ کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس اطہرمن اللہ کا کہنا تھا کہ سابق حکومت کی جانب سے قانون میں کی جانے والی ترمیم بادی النظر میں عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے مطابق نہیں تھی۔ موجودہ حکومت نے اب جو ترمیم کی ہے، اس میں بھی اوورسیز پاکستانیز کو ووٹ دینے کا حق ختم نہیں کیا گیا۔ دونوں ترامیم بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیوں کے حقوق کو ختم نہیں کر رہی ہیں۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کا کہنا تھا کہ دونوں قوانین میں یہ ہرگز درج نہیں ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹنگ سے محروم کر دیا گیا ہے، صرف طریقہ کار طے ہونا ہے کہ وہ کس طرح اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکتے ہیں۔ عدالت عظمیٰ کی جانب سے مقدمے کی سماعت جمعہ 3 جون تک ملتوی کر دی گئی۔ واضح رہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے چیف جسٹس کو ایک خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بیرون ممالک میں مقیم پاکستانيوں سے حق رائے دہی واپس لینا غير آئينی اقدام ہے۔ یہ ان کا بنیادی حق ہے۔ دوسری جانب وفاقی وزیر قانون نذیر تارڑ کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ اوورسیز پاکستانیز کیلئے حق رائے دہی ختم نہیں کیا گیا۔ اگر پی ٹی آئی کو اتنا ہی درد ہے تو ایوان میں آئے۔ کیونکہ ہم چاہتے ہیں کہ قومی اسمبلی میں بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کیلئے نشستیں مختص کی جائیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔