ایلون مسک ایک مرتبہ پھر دنیا کے امیر ترین شخص بنے میں کامیاب

ایلون مسک ایک مرتبہ پھر دنیا کے امیر ترین شخص بنے میں کامیاب
سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر، ٹیسلا اور سپس ایکس کے مالک ایلون مسک ایک بار پھر دنیا کے امیرترین شخص بننے میں کامیاب ہوگئے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایلون مسک سے قبل لگژری اشیا بنانے والے گروپ ایل وی ایم ایچ لوئی وٹان موئت ہینیسے کے چیف ایگزیکٹو برنارڈ آرناولٹ دنیا کے امیر ترین شخص تھے۔کمپنی کے اسٹاک میں کمی کے بعد برنارڈ آرناولٹ کی دولت میں کمی آئی تھی۔ رپورٹ کے مطابق ایلون مسک کی دولت ایک کھرب 92 ارب ڈالر ڈالر جبکہ برنارڈ آرناولٹ کی دولت کا حجم ایک کھرب 87ارب ڈالر ہے۔ یاد رہے کہ گذشتہ سال دسمبر میں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ ایلون مسک اپنی الیکٹرک کار کمپنی ٹیسلا کے شیئرز گرنے کے باعث اب دنیا کے امیر ترین شخص نہیں رہے اور ان کی جگہ برنارڈ آرناولٹ نے لے لی ہے۔ برنارڈ آرناولٹ کی لگژری سامان کی فروخت میں تیزی کی وجہ سے اس کی دولت میں اضافہ ہوا تھا تاہم اب ان کی کمپنی کے اسٹاک میں کمی آگئی ہے۔ دوسری جانب ایلون مسک نے کچھ عرصہ قبل سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر کو 44 ارب ڈالر میں خریدا تھا جس کے بعد ٹوئٹر کی جانب سے کیے گئے معاہدے کا بوجھ ٹیسلا کے شیئرز پر بھی پڑا ہے۔ شئیرز پر اثر پڑنے کے بعد گزشتہ سال انہیں 2 کھرب ڈالرز کا نقصان ہوا تھا، تاہم بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق رواں سال ان کی دولت میں 55 ارب 30 کروڑ ڈالرز سے زائد کا منافع ہوا ہے، اس کی اہم وجہ ٹیسلا کے شئیرز کی قیمت میں 66 فیصد اضافہ ہے۔ ٹیسلا کے علاوہ 51 سالہ ایلون مسک راکٹ کمپنی اسپیس ایکس اور نیورالنک کے سربراہ بھی ہیں، نیورالنک ایک اسٹارٹ اپ ہے جو انسانی دماغ کو کمپیوٹر سے جوڑنے کے لیے الٹرا ہائی بینڈوتھ برین مشین انٹرفیس تیار کر رہا ہے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔