ٹک ٹاک پر ویڈیوز بنانے کا دورانیہ 10 منٹ کر دیا گیا

ٹک ٹاک پر ویڈیوز بنانے کا دورانیہ 10 منٹ کر دیا گیا
لاہور: (ویب ڈیسک) ویڈیو شئیرنگ ایپ ٹک ٹاک نے اپنے صارفین کی سہولت کیلئے انھیں کم از کم 10 منٹ تک طویل دورانیے کی ویڈیوز بنانے اور اپ لوڈ کرنے کی اجازت دیدی ہے۔ خیال رہے کہ ٹک ٹاک ایپ نے اس سے قبل ویڈیوز کو محض ایک منٹ کی حد کیساتھ لانچ کیا تھا، لیکن گذشتہ سال ویڈیو بنانے کا دورانیہ 3 منٹ تک بڑھا دیا گیا تھا۔ ٹک ٹاک حکام کا کہنا ہے کہ صارفین کی پسندیدگی اور سہولت کو دیکھتے ہوئے ہم نے ویڈیوز کے دورانیے کو مزید بڑھانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق اب سوشل میڈیا صارفین ٹک ٹاک پر کم از کم 10 منٹوں کی ویڈیو کو اپ لوڈ کر سکیں گے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ اس سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹک ٹاکرز اپنی فنکارانہ اور تخلیقی صلاحیتوں میں نکھار پیدا کریں گے۔ سوشل میڈیا ماہرین نے ٹک ٹاک اور یوٹیوب کا تقابلی جائزہ پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوگ اب بھی اپنا وقت گزارنے کیلئے یوٹیوب کو ہی ترجیح دیتے ہیں لیکن اس ایپ پر بھی اب ٹک ٹاک کا ہی اثر دیکھنے میں آ رہا ہے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ ٹک ٹاک پر طویل ویڈیوز سے سوشل میڈیا صارفین کی زیادہ توجہ حاصل کرنے اور انھیں دیر تک مشغول رکھنے میں کامیابی حاصل ہوگی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ طویل ویڈیوز سے ٹک ٹاک پر مواد بنانے والے زیادہ پیسہ کما سکتے ہیں۔ دوسری جانب یوٹیوب پیسہ کمانے اور بہترین مواد تیار کرنے میں مدد کرنیوالے ٹولز کیساتھ ساتھ لائیو ویڈیوز، مختصر اور طویل فارمیٹس میں بھی انوسٹمنٹ کر رہا ہے۔ فیس بک اور انسٹاگرام کی مدر کمپنی میٹا نے ’ریلز‘ کے نام سے ایک فیچر پیش کیا ہے جس کے بارے میں مارک زکربرگ نے کہا ہے کہ ایسی چیزیں ٹیکنالوجی کے میدان میں تیزی سے آگے بڑھنے کے لیے بہت ضروری ہیں۔

Watch Live Public News