لاہور: ( پبلک نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جس پیکج کا اعلان میں نے آج کیا، اسے اقتدار میں آتے ہی کر دینا چاہیے تھا۔ تاہم میں نے تمام رکاوٹیں ختم کر دی ہیں۔ پاکستان اب تیزی سے اوپر جائے گا۔ وزیراعظم کا لاہور میں انڈسٹریل پیکج سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کوئی بھی ملک صنعتی ترقی کے بغیر خوشحال نہیں ہو سکتا۔ صرف سبزیاں بیچنے سے ملک ترقی نہیں کرتے۔ کرکٹ کے دور میں ہر رات سونے سے قبل اپنی غلطیوں پر نظر دوڑاتا تھا۔ مجھے اقتصادی پیکج کا اعلان حکومت میں آتے ہی کر دینا چاہیے تھا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت اس وقت بالکل درست سمت کی جانب چل رہی ہے۔ شروع سے فیصلہ کیا تھا کہ اقتدار میں آتے ہی صنعتوں کی ترقی کیلئے کام کرنا ہے۔ ہم سمال اور میڈیم انڈسٹریز کیلئے آسانیاں پیدا کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ماضی میں کبھی ملک کی برآمدات بڑھانے پر کوئی توجہ نہیں دی۔ پاکستان کو سب سے زیادہ کرنٹ اکائونٹ خسارے کا سامنا ہوتا ہے۔ ماضی میں درست منصوبہ بندی نہ ہونے کی وجہ سے پاکستان کی معیشت کو شدید نقصان پہنچا۔ اب ہم نے اپنی معیشت کو مضبوط بنانا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ ہم اوورسیز پاکستانیوں کی بہتری کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے پر پانچ سال کی ٹیکس چھوٹ دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی ٹی سیکٹر میں ہم بھارت سے بہت پیچھے ہیں، ہمیں اس کو بھی آگے لے کر جانا ہے۔ ملک کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ بزنس کمیونٹی مدد کرے تو ہم اپنے اس مقصد میں کامیاب ہو جائیں گے۔