اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے اپنے پرانے اور دیرینہ ساتھی جہانگیر ترین سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے ذرائع سے ملنے والی اطلاع کے مطابق عمران خان کا جہانگیر ترین سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں عمران خان نے جہانگیر ترین کی صحت سے متعلق دریافت کیا۔ واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما 26 جنوری کو علالت کے باعث علاج کے لیے لندن روانہ ہوئے، جس کی تصدیق اُن کے قریبی ساتھی عون چوہدری نے کی تھی۔ عون چوہدری نے بتایا تھا کہ جہانگیر ترین ایک ہفتے سے لاہور کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے، اور کچھ روز قبل طبعیت بہتر ہونے پر وہ اسپتال سے گھر منتقل ہوئے تھے، تاہم اب وہ علاج کے لیے لندن روانہ ہوئے ہیں جہاں ایک ہفتہ قیام کریں گے۔ لندن روانگی سے قبل جہانگیر ترین نے اپنے ساتھیوں کو متحدہ اور رابطے میں رہنے کا خاص پیغام بھی دیا تھا۔یاد رہے کہ چینی اسکینڈل تحقیقات کی رپورٹ آنے کے بعد وزیراعظم عمران خان اور جہانگیر ترین کے درمیان دوریاں پیدا ہوگئیں تھیں، جس کے بعد قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی میں اراکین جہانگیر ترین کی حمایت میں کھڑے ہوگئے تھے۔