چلغوزہ کی قیمت میں ہزاروں روپے کمی

چلغوزہ کی قیمت میں ہزاروں روپے کمی
پشاور (ویب ڈیسک) مہنگائی مہنگائی کا شور ہر طرف سنائی دیتا ہے تاہم اس مہنگائی کے دور دورے میں کچھ چیزیں سستی بھی ہو رہی ہیں۔ تاہم سستی ہونے والی چیزوں میں چلغوزے کی قیمتوں میں حیران کن کمی نے سب کو انگشت بدنداں ہونے پر مجبور کر دیا ہے۔ موسم سرما کی آمد کے ساتھ خشک میوہ جات بے انتہا مہنگے ہو جاتے ہیں جس کی سب سے بڑی وجہ سردیوں میں ان کی مانگ ہے۔ اس دوران چلغوزے جیسے میوہ کی قیمت نے سب کو حیرت میں مبتلا کر دیا ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق مہنگے ترین خشک میوہ ہونے کی وجہ سے چلغوزہ سبھی کی آنکھوں میں رہتا ہے جس کی گزشتہ 2 مہینوں میں چلغوزے کی قیمت 6400 روپے کلو سے کم ہو کر 3600 روپے کلو پر پہنچ گئی ہے۔ واضح رہے کہ دو ماہ قبل چلغوزہ 10 ہزار روپے کلو فروخت ہو رہا تھا، جو چند ہفتے قبل چھ ہزار روپے کلو پر آ چکا تھا، گزشتہ روز مزید 2400 روپے سستا ہو کر 3600 روپے کلو تک آ گیا۔ تاجر برادری کے مطابق چلغوزہ کی قیمتوں میں اس حیران کن کمی کی وجہ افغانستان اور وزیرستان میں فصل کی اچھی پیداوار ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ چین اور دیگر ممالک کو چلغوزہ برآمد نہ ہوا تو قیمت مزید کم ہو سکتی ہے۔

شازیہ بشیر نےلاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے ایم فل کی ڈگری کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 42 نیوز اور سٹی42 میں بطور کانٹینٹ رائٹر کام کر چکی ہیں۔