پنجاب بھر میں سموگ ایمرجنسی نافذ ،ایک ماہ کیلئے سکولوں میں طلبا و طالبات کیلئے ماسک لازمی

پنجاب بھر میں سموگ ایمرجنسی نافذ ،ایک ماہ کیلئے سکولوں میں طلبا و طالبات کیلئے ماسک لازمی
لاہور: نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ طلباو طالبات کی صحت کے لیے ماسک لازمی قرار دیا گیا ہے۔ عوام سے بھی اپیل ہے کہ وہ ماسک کا استعمال کریں۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ آفس میں سموگ کی صورتحال کا جائزہ لینے سے متعلق کئی گھنٹے طویل اجلاس منعقدہوا۔ انسداد سموگ اقدامات کے لئے حکومت اور ماہرین سر جوڑ کر بیٹھے۔ ماہرین ماحولیات نے سموگ سے متعلق اجلاس میں بریفنگ میں بتایا کہ سکولوں میں چھٹی اور ٹرانسپورٹ بند کرنے سے فرق نہیں پڑے گا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں پنجاب بھر میں سموگ ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور ایک ماہ کے لئے تمام سرکاری و نجی سکولوں میں طلبا و طالبات کیلئے ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلباو طالبات کی صحت کے لیے ماسک لازمی قرار دیا گیا ہے۔عوام سے بھی اپیل ہے کہ وہ ماسک کا استعمال کریں۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے صوبائی وزراء کو کل سے سرکاری و نجی سکولوں کے وزٹ کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ گھروں کی تعمیر کے دوران مٹی، ریت اور ملبہ پر چھڑکاؤ نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔وزیر اعلیٰ نے اس ضمن کو کمشنر لاہور ڈویژن، محکمہ بلدیات اور لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو ہدایات جاری کیں۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے سموگ کے دوران کاشتکاروں کے خلاف چالان واپس لینے کا حکم دیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے اس ضمن میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کو ہدایات دیں اور کہا کہ کاشتکار بھائی فصلوں کی باقیات نہ جلائیں بلکہ انہیں مناسب طریقے سے تلف کیا جائے۔ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اور فیکٹریوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے۔جو کچھ انسانی بس میں ہے سموگ میں کمی کے لئے ہر وہ اقدام اٹھایا جائے۔ تمام متعلقہ محکمے فعال طریقے سے انسداد سموگ کے لئے کام کریں۔ ماہرین ماحولیات اور ماہرین صحت نے سموگ میں کمی اور سموگ کے اثرات سے بچاؤ کے حوالے سے احتیاطی تدابیر کے بارے میں بریفنگ دی۔ صوبائی وزراء،ایس ایم تنویر، ڈاکٹر جاوید اکرم، عامر میر،منصور قادر، ابراہیم مراد،انسپکٹر جنرل پولیس،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ،سیکرٹریز، زراعت،صحت، ٹرانسپورٹ، ماحولیات،لوکل گورنمنٹ، سکول ایجوکیشن،انڈسٹریز، چیئرمین پی آئی ٹی بی،کمشنر لاہور،ڈی جی پی ڈی ایم اے،ڈی جی پی ایچ اے،ڈپٹی کمشنر،سی ٹی او لاہور،سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی اور متعلقہ محکموں کے سربراہان نے اجلاس میں شرکت کی۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔