لاہور ( پبلک نیوز) این سی او سی اور حکومت پنجاب کی سفارشات کے مطابق کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر صوبہ کے منتخب اضلاع میں لاک ڈاؤن، سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر عمران سکندر بلوچ نے لاک ڈاون آرڈر کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔ سیکرٹری عمران سکندر بلوچ کا کہنا ہے کہ یہ نوٹیفیکیشن پنجاب کے 25اضلاع میں آج سے نافذ اور 15 ستمبر تک لاگو رہے گا۔ صرف 11ہائی رسک اضلاع میں 27 اگست 2021 کا نوٹیفیکیشن لاگو ہو گا۔ انھوں نے بتایا کہ زیادہ کیسز والے اضلاع میں لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، خانیوال، میانوالی، سرگودھا، خوشاب، بہاولپور، گوجرانوالہ اور رحیم یار خان شامل ہیں۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق مارکیٹیں اور کاروباروں کے اوقات کار رات 10:00 بجے تک مقرر کیے گئے ہیں۔ اتوار کے روز اشیاء ضروریہ کی دکانوں اور کاروباروں کے علاوہ باقی تمام بند رہیں گے۔ ریسٹورنٹس میں 50 فیصد گنجائش کے ساتھ صرف ویکسینیٹڈ افراد کورات 11:59 بجے تک کی اجازت ہوگی۔ آؤٹ ڈور ڈائننگ میں رات 11:59 تک مکمل کورونا ایس او پیز کے ساتھ کھلے رہنے کی اجازت ہو گی۔ ان ڈور شادیوں کی تقریبات میں صرف 200 افراد کی شمولیت کی اجازت ہوگی۔ آؤٹ ڈور شادی کی تقریب میں 400افراد کی موجودگی کی اجازت ہوگی۔ صوبہ بھر کے تمام مزارات کھلے رہیں گے۔ مزارات پر صرف ویکسی نیٹڈ افراد کو جانے کی اجازت ہو گی۔ صرف 30 سال سے زائد عمر کے افراد ہی مزارات پر جا سکتے ہیں۔ تمام سینما گھر بند رہیں گے۔ تمام مذہبی ثقافتی اور دیگر ان ڈور تقریبات پر مکمل پابندی ہو گی البتہ آؤٹ ڈور میں 300 افراد کی اجازت ہو گی۔ کراٹے، رگبی، مارشل آرٹس، واٹر پولو، کبڈی اور ریسلنگ پر پابندی ہو گی۔ تمام جمزمیں صرف ویکسنیٹڈ لوگوں کو ورزش کی اجازت ہو گی۔ تمام سرکاری و نجی دفاتر میں 100فیصد عملے کے ساتھ نارمل اوقات کار سے کام کرنے کی اجازت ہو گی۔ پبلک ٹرانسپورٹ میں مسافروں کی گنجائش 70 سے 50 فیصد کی کر دی گئی ہے۔ ریلوے کو صرف 70 فیصد افراد کے ساتھ چلنے کی اجازت ہو گی۔ تفریحی پارکس، سوئمنگ پولز اور واٹر سپورٹس میں صرف 50 فیصد عملے کی اجازت ہو گی۔ تمام شہریوں کے لیے ماسک پہننا لازم ہے۔ صرف ویکسی نیٹڈ لوگوں کو تفریحی مقامات پر جانے کی اجازت ہے۔