لاہور ( پبلک نیوز) پی اینڈ ڈی کمپلیکس میں صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی کا اجلاس منعقدا ہوا جس کی صدارت چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے کی۔ اجلاس میں صوبہ کی 7 مختلف ترقیاتی سکیموں کے لیے 1 کھرب 37 ارب 11 کروڑ روپے سے زائد فنڈز کی منظوری دی گئی۔ معیاری بیج کی پیداوار اور پھیلاؤ کے پروگرام کے لیے 1 ارب 37 کروڑ 50 لاکھ 20 ہزار روپے منظور کر لیے گئے۔ ملتان خانیوال میں ایم این ایس اگریکلچر یونیورسٹی کے سب کیمپس کے قیام کے سلسلہ میں فزیبلٹی سٹڈی کے لیے 1 کروڑ روپے منظور کیے گئے۔ راولپنڈی کوٹلی ستیاں میں چیئر لفٹ منصوبہ کی تنصیب کے سلسلہ میں تفصیلی فزیبلٹی سٹڈی کے لیے 2 کروڑ سے زائد کی منظوری دی گئی۔ قصور، میانوالی، ننکانہ صاحب اور تونسہ میں آرٹس کونسل کے قیام کے سلسلہ میں فزیبلٹی سٹڈی کے لیے 1 کروڑ سے زائد منظور کیے گئے۔ لاہور میں بسوں کی معلومات، شیڈول سسٹم سمیت 200 بس سٹاپ شیلٹرز کی تعمیر کے لیے 49 کروڑ 80 لاکھ روپے منظور کر لیے گئے۔ تین سیویج ٹریٹمنٹ پلانٹس اور متعلقہ سیوریج سسٹم کی تعمیر کے لیے 5 ارب 24 کروڑ 47 لاکھ روپے منظور کیے۔ پنجاب آرٹیریل روڈز بہتری پروگرام کے لیے 1 کھرب 29 ارب94 کروڑ روپے سے زائد کی منظوری دی۔ سیکرٹری پی اینڈڈی بورڈ مجاہد شیر دل سمیت ممبران پی اینڈ ڈی بورڈ اور متعلقہ سیکٹرز کے افسران بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔