وزیر اعظم عمران خان کا رمضان المبارک کے موقع پر پیغام

وزیر اعظم عمران خان کا رمضان المبارک کے موقع پر پیغام
اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے رمضان پر خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں اپنی اور میری حکومت کی طرف سے تمام پاکستانیوں اور پوری مسلم اُمہ کو رمضان المبارک کے آغاز پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ وزیر اعظم عمران خان نے بیان میں کہا ہے کہ رمضان کا مقدس مہینہ ہمیں اپنی خواہشات پر قابو پانے اور ایسے کام جو عام مہینوں میں جائز ہیں ان سے بھی باز رہنے کا درس دیتا ہے۔ یہ رمضان خاص اہمیت کا حامل ہے کیونکہ ہمیں نیکی اور بدی کے درمیان کشمکش کا سامنا ہے۔ اللہ تعالی نے ہمیں صحیح اور غلط میں سے درست انتخاب کرنے کے لیے ضمیر کا عظیم تحفہ دیا ہے۔ امر بالمعروف و نہی عن المنکر یعنی نیکی کا حکم دینے اور برائی سے منع کرنے کی ہدایت انسان کو دوسری مخلوقات سے ممتاز کرتی ہے۔ میں اسے اپنی خوش قسمتی سمجھتا ہوں کہ میں نے ریاست مدینہ کے ماڈل پر ایک ایسی فلاحی ریاست کے قیام کے لیے جدوجہد کی جہاں ہر شہری کو عہدے، دولت، ذات پات اور نسل کی تمیز کئے بغیربرابر کے حقوق حاصل ہوں اور جہاں قانون کی حکمرانی ہو۔ اس موقع پر میں تمام اہل ایمان سے گزارش کرتا ہوں کہ برائی پر نیکی کا انتخاب کریں اور خود کو برائیوں سے روکتے ہوئے ثابت قدم رہیں ۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ یہ رمضان تمام مسلمانوں اور ہمارے پیارے ملک کے لیے امن، خوشی اور اطمینان کا باعث ہو۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔