پبلک نیوز: اسپیکرقومی اسمبلی سردارایازصادق نےعمرایوب کواپوزیشن لیڈر ڈکلیئر کر دیا ۔
تفصیلا ت کے مطابق قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کے تقرر کا مرحلہ مکمل ہو گیا، اپوزیشن لیڈر کے لئے نامزد امیدوار عمر ایوب نے اسپیکر سے ملاقات کی۔
اسپیکر ایاز صادق نے عمر ایوب کی درخواست کی تصدیق کر لی جبکہ اسپیکر نے تسلی کے بعد عمر ایوب کو اپوزیشن لیڈر ڈکلیئر کر دیا۔عمر ایوب قومی اسمبلی میں آزاد ارکان کے اپوزیشن لیڈر ہونگے۔
قبل ازیں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تقرری کے معاملے پر اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور عمر ایوب کی قیادت میں وفد کی ملاقات جاری تھی،اسپیکر قومی اسمبلی نے آج عمر ایوب سمیت آزاد اراکین کے گروپ کو اپنے چیمبر میں بلایا تھا،اسپیکر کی طرف سے دئیے گئے وقت تک صرف عمر ایوب کی نامزدگی اسپیکر آفس کو موصول ہوئی تھی۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کا کہنا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے اپوزیشن کے اراکین بیرسٹر گوہر علی خان، عمر ایوب اور ملک محمد عامر ڈوگر نے ملاقات کی۔ملاقات میں قائد حزب اختلاف کی نامزدگی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کا کہنا ہے کہ قائد حزب اختلاف کے لیے عمر ایوب کا نام اپوزیشن کی طرف سے جمع کروایا گیا تھا،اسپیکر قومی اسمبلی نے سکروٹنی کا عمل مکمل ہونے کے بعد عمر ایوب کو قائد حزب اختلاف ڈیکلیئر کر دیا۔اسپیکر نے قومی اسمبلی کے رولز آف پروسیجر اینڈ کنڈکٹ آف بزنس کے رول 39 کے تحت اپوزیشن لیڈر کا تقرر کیا۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے مزید کہا ہے کہ عمر ایوب خان کا نام اپوزیشن کی اکثریت کی طرف سے پیش کیا گیا تھا، اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی کیلئے کاغذات جمع کرنے کا وقت کل مورخہ یکم اپریل 2024 کو شام 6 بجے تک تھا،مقرر وقت تک کسی دوسرے امیدوار کے کاغذات موصول نہیں ہوئے۔
عمر ایوب خان کی میڈیا سے گفتگو
عمر ایوب خان نے اسپیکر چیمبر کےسامنےمیڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمرا ن خان اور پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر کا مشکور ہوں،اسپیکر نے باقاعدہ سکروٹنی کے بعد مجھے اپوزیشن لیڈر ڈکلییرکیا ہے،ہم پارلیمنٹ میں پاکستان کے عوام کی نمائندگی کر رہے ہیں،فارم 45 کے تحت ہمارے 180 لوگوں کی نمائیندگی بنتی ہے،لوگوں کو فارم 47 کے ذریعے بیساکھیوں کے زور پر لایا گیا۔
عمر ایوب خان نے کہا کہ پاکستان کے لوگ مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں،بجلی کی فی یونٹ قیمت 17 سے 85 ہو گئی ہے،گیس کی قیمتوں میں چار گنا اضافہ کر دیا گیا ہے،ہم حکومت کی غلط معاشی پالیسیوں پر تنقید کریں گے،حکومت کی غلط پالیسیوں کو عوام کے سامنے آشکار کریں گے۔