لاہور(پبلک نیوز) پنجاب کے تمام نجی اور سرکاری اسکولوں میں یکساں نصابِ تعلیم کا اطلاق آج سے مرحلہ وار شروع ہورہا ہے، نیا تعلیمی سال بھی اپریل کی بجائے اگست سے شروع ہونے جارہا ہے، پہلے مرحلے میں یکساں نصاب تعلیم کا نفاذ پرائمری سطح سے ہوگا، دینی مدارس میں بھی پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کی کتب ہی پڑھائی جائیں گی۔
ادھر "ایک قوم، ایک نصاب، پنجاب سے آغاز سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا. پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں یکساں نصاب تعلیم کا نفاذ ہو رہا ہے. حکومت پنجاب کے اس اقدام کی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھرپور پذیرائی کی جارہی ہے.
وزیراعلیٰ پنجاب نے بھی اس موقع پر ٹویٹ میں خوشی کا اظہار کیا. یاد رہے کہ" سنگل نیشنل کریکولم" پورے پاکستان میں نافذ کیا جائے گا جس سے تعلیمی شعبے میں طبقاتی تقسیم کا خاتمہ ہو گا. صوبہ پنجاب SNC پر عملدرآمد کروانے والا پہلا صوبہ بن گیا ہے.
اپنی ٹوئٹ میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن اور پاکستان تحریک انصاف کے منشور کے مطابق آج سے پنجاب بھر میں " Single National Curriculum" کا نفاذ شروع کیا جا رہا ہے. یہ ایک تاریخی قدم ہے جس سے تعلیمی شعبے میں طبقاتی تقسیم کا خاتمہ ہو گا اور تمام بچے بہترین نصاب پڑھیں گے.