اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف نے کابل میں ہیڈ آف مشن پر قاتلانہ حملے کی مذمت کی ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بہادر گارڈ کو سلام جس نے ہیڈ آف مشن کی جانب بچانے کے لیے گولی کھائی، سکیورٹی گارڈ کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہوں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے گھناؤنے فعل کی فوری تحقیقات، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کردیا۔ خیال رہے کہ افغان دارالحکومت کابل میں پاکستانی سفارتخانے پر نامعلوم افراد نے حملہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سفارتی حکام پر فائرنگ کی گئی ہے جس کے نتیجے میں پاکستانی ناظم الامور کا گارڈ زخمی ہو گیا۔ سفارتی ذرائع کے مطابق گارڈ کو سینے میں 3 گولیاں لگیں انہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ فائرنگ کے وقت پاکستانی ناظم الامور چہل قدمی کر رہے تھے، چھٹی کے باعث آج سفارتخانے میں رش نہیں تھا۔ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ناظم الامور سمیت دیگر حکام کو وقتی طور پر پاکستان واپس بلایا جارہا ہے۔