لاہور: ( پبلک نیوز ) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ ن لیگ اور باقی جماعتیں استعفے دینے پر یقین رکھتی ہیں، چار فروری کو استعفوں کا فیصلہ ہوگا، ان ہاؤس تبدیلی کی بات بلاول بھٹو کریں گے تو غور کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق نائب صدر ن لیگ مریم نواز کا کہنا تھا کہ استعفے ضرور دینے چاہئیں، لانگ مارچ پر پی ڈی ایم کی تمام جماعتیں متفق ہیں۔ مارچ اور دھرنا کتنے وقت کے لئے ہوگا بیٹھ کر فیصلہ کریں گے۔ مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہر روز مہنگائی میں اضافہ ہورہاہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ پر عوام بلبلا اٹھے ہیں جب ایک نالائق اور نااہل شخص اقتدار میں آئے گا تو پھر اس کی ترجیحات عوام نہیں ہوگی۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ جب کوئی آئین سے بالاتر ہوکر کام کرے گا تو ہمارا فرض ہے بولنا اور میں بول رہی ہوں۔ ہماری تنقید برائے تنقید نہیں ہے آئین کی خلاف ورزی پر ضرور بولیں گے۔