(ویب ڈیسک ) وزیراعظم شہباز شریف نے شام سے پاکستانیوں کے انخلاء کے لیے لبنانی وزیراعظم سے مدد مانگ لی ہے۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے آج لبنان کے وزیر اعظم جناب نجیب میقاتی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ لبنان کے خلاف اسرائیل کی فوجی جارحیت کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کا اعادہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے لبنان کے لیے جنگ بندی کے معاہدے کا خیرمقدم کیا اور فلسطینی عوام کے لیے بھی اسی طرح کے جنگ بندی کے معاہدے پر زور دیا۔
لبنان اور پاکستان کے درمیان برادرانہ اور گرمجوشی پر مبنی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اس مشکل وقت میں لبنان کے عوام کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے۔ اس جذبے کے تحت، پاکستان نے لبنان میں اپنے بھائیوں اور بہنوں کو انسانی بنیادوں پر امداد فراہم کی اور مستقبل میں بھی ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
دونوں رہنماؤں نے شام کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہء خیال کیا۔ وزیر اعظم نے بیروت کے راستے شام میں پھنسے پاکستانی شہریوں کے فوری انخلاء میں سہولت فراہم کرنے کے لیے جناب میکاتی کی ذاتی مداخلت اور مدد کی درخواست کی۔
وزیراعظم میکاتی نے لبنان کے خلاف اسرائیل کی فوجی جارحیت پر پاکستان کی غیر متزلزل حمایت اور اصولی مؤقف پر وزیراعظم شہباز کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دونوں ممالک کے درمیان گرمجوشی پر مبنی برادرانہ تعلقات کی ایک مثال ہے۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز کو یقین دلایا کہ لبنان شام سے پاکستانیوں کے انخلاء میں ہر ممکن مدد کرے گا۔
بعد ازاں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے نے شام اور لبنان میں تعینات پاکستانی سفراء سے بھی رابطہ کیا اور انہیں شام میں پھنسے پاکستانیوں کے انخلاء کے حوالے سے ہر ممکن تعاون اور مدد فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔