کراچی ( پبلک نیوز) پاکستان کی مایہ ناز ڈرامہ رائٹر اسما نبیل چالیس سال کی عمر میں کینسر جیسے موذی مرض کا شکار ہو کر جان کی بازی ہار گئی ٗ انہوں نے پاکستان کیلئے کئی ڈرامے لکھے جبکہ بالی ووڈ کی ایک فلم میں بھی ان کے گانے شامل کئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق اسما نبیل بریسٹ کینسر کا شکار ہوئی ٗ ان کی عمر صرف چالیس برس تھی اور وہ اپنے کیرئیر کی پیک پر تھیں ٗ انہوں نے پاکستان میں ریٹنگ کے ریکارڈ توڑنے والے ڈرامہ سیریل خانی سمیت دمسہ ٗ خدا میرا بھی ہے ٗ سرخ چاندنی اور باندی جیسے ڈرامے تحریر کئے ٗ ان کی کامیابی کا سفر صرف پاکستان تک محدودنہیں رہا بلکہ بالی ووڈ کی فلم ہیلی کاپٹر ایلا میں ان کے تحریر کردہ گانے شامل کئے گئے ٗ اس فلم میں اداکارہ کاجل بھی کاسٹ کا حصہ تھیں۔ اسما نبیل کراچی میں رہائش پذیر تھیں اور طویل عرصہ سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھیں۔ وہ "خانی"، "باندی"، "خدا میرا بھی ہے"، "دمسہ" اور "سرخ چاندنی" جیسے کامیاب ٹی وی ڈراموں کی مصنفہ تھیں۔ اسما نبیل سعدیہ جبار پروڈکشن کے ساتھ کام کر رہی تھیں. وہ اے پلس اور پبلک نیوز پر نشر ہونے والے پروگرام عورت کہانی کی میزبان بھی تھیں۔ بہادر اور کامیاب عورتوں کی کہانیاں بتانے والی صرف 40 برس کی عمر میں خود ایک کہانی بن گئیں۔