تحریک انصاف کی پریڈ گراؤنڈ جلسے کی تیاریاں

تحریک انصاف کی پریڈ گراؤنڈ جلسے کی تیاریاں
پی ٹی آئی آج اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں حکومت اور مہنگائی کیخلاف جلسہ کرے گی۔ سابق وزیر اعظم عمران خان ریلی کی قیادت کریں گے۔ خیال رہے کہ پریڈ گراؤنڈ جلسے کے لئے اسلام آباد انتظامیہ نے تحریک انصاف کو جی ایچ کیو سے اجازت لینے کا کہا تھا۔ جلسے کی اجازت ملنے کے بعد گذشتہ رات عمران خان نے پریڈ گراؤنڈ کا دورہ کیا اور تیاریوں کا جائزہ لیا۔ تحریک انصاف کے مختلف رہنما اپنے اپنے علاقوں سے ریلیاں نکالیں گے جن کا رخ پریڈ گراؤنڈ کی طرف ہوگا جبکہ اس جلسے کی سکرینگ لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں کی جائے گی۔ گذشتہ روز اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب میں عمران خان نے کہا تھا موجودہ حکومت نے آتے ہی جتنی مہنگائی کی، اتنی میرے ساڑھے 3 سالہ دور میں نہیں ہوئی تھی، اس کے باوجود کہ ملک آئی ایم ایف پروگرام میں تھا۔ انہوں نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے دور میں ملک کی معیشت بہتر کی جانب گامزن تھی۔ موجودہ حالات میں قومی سلامتی کو خطرہ درپیش ہے۔ سب کو خوف ہے کہ ہماری معیشت سری لنکا کے حالات کی طرف جا رہی ہے۔ عمران خان نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ اگر ایسا ہوا تو سب سے بڑا مسئلہ نیشنل سکیورٹی کے لئے ہوگا۔ عسکری سکیورٹی ایک طرف ہے، معاشی سکیورٹی اتنی ہی اہم ہے۔ معیشت گرتی ہے تو نیوٹرلز کو بھی اس سے نقصان پہنچے گا۔ مرکزی سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف اسد عمر نے پریڈ گراؤنڈ جلسہ گاہ کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے پوری کوشش کی جلسہ خراب کرنے کی۔ چار دن بیٹھے رہے اور گراؤنڈ ہمارے حوالے نہیں کیا۔ اسد عمر کا کہنا تھا کہ عدالت کے فیصلے کی روشنی میں اسلام آباد انتظامیہ نے پریڈ گراؤنڈ کو عوامی اجتماعات کیلئے مختص کیا۔ باقی کو تو کسی جماعت کی ہمت نہیں اتنی بڑی گراؤنڈ میں جلسے کی۔ باقی تو سب کی کانپیں ٹانگتی ہیں، مگر عمران خان بار بار یہاں جلسے کرتے ہیں۔ پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ٹیم نے ساری رات کام کیا ہے اور بہترین انتظامات ہو چکے ہیں۔ لاہور میں خان صاحب سے کہا کہ پاکستان کے گراؤنڈز آپ کے جلسوں کیلئے چھوٹے پڑ چکے ہیں۔ آج مخلوق زیادہ آئے گی اور جگہ کم پڑ جائے گی۔ سب منتظمین سے گزارش ہے کہ وقت پر اپنے جلوسوں کے ہمراہ پہنچیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔