یوکرین جنگ، جوبائیڈن کا یورپ میں فوج بھیجنے کا اعلان

یوکرین جنگ، جوبائیڈن کا یورپ میں فوج بھیجنے کا اعلان
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی صدر جوبائیڈن نے افواج کو یورپ بھیجنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری افواج یوکرین میں لڑنے کے لیے نہیں بلکہ اپنے نیٹو اتحادیوں کے دفاع کے لیے جا رہی ہیں۔ سٹیٹ آف دی یونین خطاب میں صدر جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ ولادیمیر پیوتن کی جنگ سوچی سمجھی اور بلا جواز ہے۔ انہوں نے سفارتی کوششوں کو مسترد کر دیا۔ ان کا خیال تھا امریکہ اور نیٹو جواب نہیں دیں گے۔ ان کا خیال تھا کہ وہ ہماری قوم میں انتشار پیدا کر سکیں گے لیکن انہوں نے غلط سوچا، ہم تیار ہیں۔ امریکی صدر نے کہا کہ امریکہ تمام روسی پروازوں کے لیے امریکی فضائی حدود بند کر دے گا۔ ہم یوکرین کو براہ راست امداد کی مد میں ایک ارب ڈالر سے زیادہ دے رہے ہیں۔ ہم یوکرین کے عوام کی اپنے ملک کے دفاع میں اور ان کی تکلیف میں کمی کے لیے ان کی مدد کرتے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم روس کو تکلیف پہنچا رہے ہیں اور یوکرین کے لوگوں کی حمایت کر رہے ہیں۔ پیوتن اب پہلے سے کہیں زیادہ دنیا سے الگ تھلگ ہیں۔ انہوں نے روسی صدر سے کہا کہ پیوتن خواہ ٹینکوں سے کیف کا گھیرائو کر لیں مگر وہ یوکرینیوں کے دل کبھی نہیں جیت پائیں گے۔ وہ آزادی کے لیے ان کی محبت کبھی ختم نہیں کر پائیں گے۔ وہ آزاد دنیا کے عزم کو کبھی کمزور نہیں کر پائیں گے۔ بائیڈن نے کہا کہ ہم نے تاریخ سے یہی سبق سیکھا ہے کہ جب ڈکٹیٹر اپنی جارحیت کی قیمت ادا نہیں کرتے تو وہ مزید افراتفری پھیلاتے ہیں۔ وہ آگے بڑھتے جاتے ہیں اور امریکیوں کے لیے اس کی قیمت اور اس کا خطرہ بڑھتا جاتا ہے۔ عالمی سطح پر تیل کے بڑھتے ہوئے بحران پر بات کرتے ہوئے جوبائیڈن نے کہا کہ امریکہ تیس دیگر ملکوں کے ساتھ مل کر دنیا بھر میں تیل کے ذخائر سے چھ کروڑ بیرل جاری کرے گا۔ امریکہ اس مہم کی قیادت کرتے ہوئے تین کروڑ بیرل اپنے سٹریٹیجک ریزرو سے دے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں انتخاب کرنا ہے۔ مہنگائی سے لڑنے کا ایک طریقہ یہ ہے کہ اجرت کم کردیں اور امریکیوں کو غریب بنا دیں۔ میرے پاس مہنگائی سے لڑنے کا بہتر منصوبہ ہے، وہ یہ کہ لاگت کم کریں، اجرت نہیں۔ صدر بائیڈن کا کہنا تھا کہ میں چاہتا ہوں کہ امریکا میں ایسی ملازمتوں میں اضافہ ہو جن سے لوگ بہتر روزگار کما سکیں اور غیر ملکی سپلائی چین پر انحصار کرنے کے بجائے، آئیے خود امریکہ میں چیزیں بنائیں۔ امریکی ٹیکس نظام کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اسے ٹھیک کرنا ہوگا۔ میں کسی کو سزا نہیں دینا چاہتا لیکن آئیے اس بات کو یقینی بنائیں کہ کارپوریشنز اور امیر ترین امریکی اپنا جائز حصہ ادا کرنا شروع کر دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسالٹ ویپنز اور ہائی کپیسیٹی ہتھیاروں پر پابندی لگائیں۔ اس قانون کو ختم کریں جس کے تحت اسلحہ بنانے والی صعنت واحد ہے جس پر مقدمہ نہیں کیا جا سکتا۔ میں کانگرس سے مطالبہ کرتا ہوں کہ گن وائلنس کو کم کرنے کے لیے مستند اقدامات کرے۔ سب کا بیک گرائونڈ چیک لازمی کیا جائے۔ کسی دہشت گرد کو ہتھیار خریدنے کی اجازت کیوں ہو؟۔

Watch Live Public News