میرا وعدہ ہے، قوم ٹیکس دے، پیسہ ان پر ہی لگائوں گا

میرا وعدہ ہے، قوم ٹیکس دے، پیسہ ان پر ہی لگائوں گا
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میں قوم سے وعدہ کرتا ہوں کہ وہ جتنا ٹیکس دیں گے، میں اتنا ہی ان کی فلاح وبہبود پر خرچ کروں گا، ان کا پیسہ ان پر ہی لگائوں گا۔ وزیراعظم نے یہ وعدہ اور اعلان اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے عوام کے علاج معالجہ کیلئے جاری کئے گئے قومی صحت کارڈ پر فخر ہے۔ قوی امید ہے کہ رواں ماہ مارچ کے اختتام تک صوبہ پنجاب کے تمام خاندان اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ اس کی بدولت کسی بھی اچھے سے اچھے ہسپتال میں جا کر وہ اپنا علاج کروا سکیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ ملک کے ہر شہر میں کچی آبادیاں بڑھتی جا رہی ہیں۔ شہر قائد کراچی میں چالیس فیصد کچی آبادیاں ہیں۔ اس کے علاوہ لاہور میں بھی ان کی تعداد روز بروز بڑھ رہی ہے۔ پی ٹی آئی حکومت بلا سود قرض اس لئے دے رہی ہے تاکہ غریب عوام اپنے گھر کا خواب پورا کر سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں آج قوم سے کہنا چاہتا ہوں کہ وہ جتنا ٹیکس دیں گے، وہ پیسہ میں ان پر ہی خرچ کروں گا۔ ہماری حکومت سود کے بغیر قرضے دے رہی ہے۔ اپنا گھر بنانے کے لئے بیس لاکھ روپےکا قرض بغیر سود کے دیا جا رہا ہے۔ ہمارا مقصد ہے کہ لوگ اپنے پاؤں پر کھڑے ہو سکیں۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار فیڈرل بورڈ آف ریوینو ( ایف بی آر) نے سب سے زیادہ ٹیکس جمع کیا ہے۔ ہمارے پاس پیسے زیادہ آئے، جس پر بجلی کا فی یونٹ پانچ روپے اور پیٹرول 10 روپے فی لیٹر سستا کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک بڑے خواب کا نام تھا۔ ہم نے مثالی اسلامی فلاحی ریاست بننا تھا لیکن یہ بات افسوسناک ہے کہ 1947ء میں جو ہمارا قبلہ ہونا چاہیے تھا، ہم اس پر نہیں چل سکے۔ پاکستان جس نظریے پر بنا تھا اس پر نہیں چل سکے اور جو انسان اپنے نظریے سے ہٹتا ہے وہ بھٹک جاتا ہے۔

Watch Live Public News