اداروں کیخلاف اکسانے کا کیس: اسلام آباد کی عدالت نے امجد شعیب کو بری کردیا

اداروں کیخلاف اکسانے کا کیس: اسلام آباد کی عدالت نے امجد شعیب کو بری کردیا
اسلام آباد: ( پبلک نیوز )اسلام آباد کی عدالت نے دفاعی تجزیہ کار اور لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب کے جسمانی ریمانڈ پر نظرِثانی کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے انہیں باعزت بری کر کے فوری طور پر رہائی کا حکم دے دیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق اداروں کے خلاف اکسانے کے کیس میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سِپرا نے سماعت کی ، سماعت کے دوران امجد شعیب کے وکیل میاں اشفاق نے دلائل دیئے ۔ پراسیکیوٹر کی جانب سے امجد شعیب کو کیس سے ڈسچارج کرنے کی مخالفت کی گئی ۔ ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سِپرا نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا اور کچھ دیر بعد عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے امجد شعیب کو کیس سے ڈسچارج کر دیا ۔ خیال رہے کہ اسلام آباد پولیس نے لیفٹیننٹ جنرل (ر) امجد شعیب کو 27 فروری کو ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا تھا اور ان پر عوام کو اداروں کے خلاف اکسانے کا الزام ہے ۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔