الیکشن کمیشن نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما فواد چوہدری کو جواب جمع کروانے کیلئے آخری موقع دیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمیشنر سکندر سلطان راجہ کی زیرصدارت چار رکن کمیشن نے توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت کی ۔ پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کے معاون وکیل مرزا آصف نے الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہو کر یہ مؤقف اپنایا کہ کیس سندھ ہائیکورٹ میں زیرسماعت ہے ۔ ممبر اکرام اللہ خان نے وکیل سے وکالت نامہ جمع کروانے کا پوچھا ؟ جس پر وکیل نے جواب دیا کہ میں بطور پراکسی کونسل پیش ہورہا ہوں۔ ممبر کمیشن نے برہمی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ پھر کس حیثیت میں آپ بات کررہے ہیں؟ ایسے تو کوئی بھی منہ اٹھا کر آ جائے گا ۔ معاون وکیل نے حاضری لگانے کی استدعا کی تو چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے کہا گیا کہ گذشتہ سماعت پر انور منصور بطور پراکسی کونسل پیش ہوئے، چار سماعتوں میں پراکسی کونسل پیش ہورہے ہیں، یہ کیس دوسرے توہین الیکشن کمیشن کے کیسز سے الگ ہے ، آئندہ سماعت پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری پر چارج فریم کریں گے ۔ وکیل نے جواب جمع کروانے کا موقع فراہم کرنے کا کہا تو چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ بہت مواقع دیے لیکن جواب جمع نہیں کروایا گیا ۔ الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری کو جواب جمع کرانے کا آخری موقع دیتے ہوئے سماعت سماعت 16 مئی تک ملتوی کردی ہے ۔