حمزہ شہباز شریف وطن واپس پہنچ گئے

حمزہ شہباز شریف وطن واپس پہنچ گئے
سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف لندن سے واپس لاہور پہنچ گئے ہیں۔ حمزہ شہباز شریف اپنی بیٹی سماویہ کے علاج کے سلسلے میں لندن گئے تھے۔ حمزہ شہباز کو 18 اگست کو وطن واپس آنا تھا، تاہم ن لیگ ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز کی اکلوتی بیٹی سماویہ کی طبیعت ناساز ہونے پر انہوں نے وطن واپسی کا ارادہ مؤخر کیا تھا۔ حمزہ شہباز شریف نے برطانیہ میں قیام کے دوران نواز شریف سے بھی ملاقات بھی کی تھی۔ حمزہ شہباز کی وطن واپسی کے بعد نواز لیگ پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی درخواست بھی جمع کرائے گی۔ واضح رہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب گزشتہ ماہ 4 اگست کو نجی ائیرلائن کے ذریعے لاہور سے لندن روانہ ہوئے تھے۔ برطانیہ میں قیام کے دوران حمزہ شہباز نے لندن میں خاندان کے دیگر افراد سے ملاقات کی، جب کہ حمزہ شہباز نے سابق وزیراعظم نواز شریف سے بھی ملاقات کی۔ شریف خاندان کی جانب سے عوام سے سماویہ کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی اپیل بھی کی گئی۔ لندن آمد پر میڈیا سے گفتگو میں حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ لندن بھاگ کر نہیں نجی دورے پر آیا ہوں، جوڈیشل وزیر اعلیٰ پہلی مرتبہ دیکھا ہے۔ سماویہ حمزہ شہباز کو لندن کے مقامی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ اس سے قبل خاندانی ذرائع کے حوالے سے یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ سال 2019 میں پیدا ہونے والی سماویہ بچپن سے ہی عارضہ قلب میں مبتلا ہے۔ پیدائش کے بعد ان کی سرجری بھی کی گئی تھی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔