لاہور(پبلک نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ عزت اللہ کے ہاتھ میں ہے کسی انسان کے ہاتھ میں نہیں ٗ میڈیا ٹرائل کیاجارہاہے جس پر افسوس ہے، مجھے سب معلوم ہے کہ کیسے خبریں لیک کی جاتی ہیں، مقابلہ کرناہے تو عدالتوں میں آئیں یوں اوچھے ہتھکنڈے استعمال نہ کیے جائیں، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے کہا کہ تینوں ایف آئی آرز سے میرا کوئی تعلق نہیں ہےٗدس سال پہلے کی چیزیں جو کمپنی نے کیں اور فیصلے کیے ، انکو چیلنج کیاجارہاہےٗ یہ ایف آئی اے کا کام نہیں ہے کہ کمپنی کے فیصلوں سے متعلق تحقیقات کرے۔انہوں نے کہا کہ یہ ایس ای سی پی، ایف بی آر کا کام ہے کہ وہ تحقیقات کرے ٗایف آئی اے نے جان بوجھ کر منی لانڈرنگ کا لفظ ڈال کر تحقیقات شروع کیں ٗہم پیش ہوگئے ہیں، اپنا موقف عدالت کے سامنے پیش کرینگے اور سرخرو ہونگے۔ جہانگیر ترین نے کہا کہ میری عادت نہیں ہے کہ کسی چیز سے لاتعلقی کا اظہار کروں، مجھ پر ایف آئی آر ہے ٗہم اس کو عدالت میں ثابت کرینگے کہ مقدمہ بے بنیاد ہے ٗایف آئی اے کے فرانزک آڈٹ میں جن کے نام تھے کیا ان کو بھول گئے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ صرف جہانگیر ترین ملز کا کیس کیوں اچھالا جارہاہے ٗ صرف جہانگیر ترین یاد ہے باقی 80 شوگز ملز میں سے کسی میں کوئی مسئلہ نہیں؟؟؟ افسوس کی بات ہے کہ میڈیا ٹرائل کیاجارہاہے، مجھے معلوم ہے کہ فون کرکے کہا جاتاہے کہ مجھ سے متعلق خبر چلائی جائے۔