سپریم کورٹ کا 3 رکنی بینچ آج پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کے انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت کرے گا ۔ سپریم کورٹ آف پاکستان نے رہنما پی ٹی آئی فواد چوہدری کی ریڈ زون کھلوانے کی استدعا مسترد کردی ہے ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ حکومت اور انتظامیہ اپنے سیکیورٹی اقدامات کررہی ہے ، کیس کی سماعت کررہے ہیں ،ہزاروں وکلاء کا آنا ضروری نہیں ہے ۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ریڈ زون کے داخلی راستے سیل کر دیے گئے ہیں اور لگتا ہے جیسے ہم غزہ میں ہیں ،وکلاء کو بھی روکا جا رہا ہے ۔ چیف جسٹس کی جانب سے فواد چوہدری سے استفسار کیا گیا کہ وکلاء کو آپ نے کال دی ہے ؟ تو ان سے بات کریں، فواد چوہدری نے جواب دیا کہ ہم نے تو کسی کو کال نہیں دی ہے مگر وکلاء کا کنونشن ہے اس کے لئے بھی روکا جا رہا ہے ۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ خیبرپختونخوا اور پنجاب اسمبلیوں کے انتخابات کیس کی سماعت کے دوران وکیل کو کمرہ عدالت میں آنے کی اجازت نہیں ہوگی بلکہ گنجائش کے مطابق ہی کمرہ عدالت میں داخلے کی اجازت ہوگی ۔ جسٹس محمد علی مظہر نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کو مخاطب کرتے ہوئے بتایا کہ آپ پھرسے ازخود نوٹس لینے کا مطالبہ کررہے ہیں ؟ ازخود نوٹس پر پہلے ہی مسائل بنے ہوئے ہیں ۔