(ویب ڈیسک ) صوبائی وزیر بلال یاسین کی موجودگی میں متعدد بچوں نے پرچہ حل کرنے کیلئے رشوت مانگنے کا انکشاف کیا ہے۔
وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبائی وزیر بلال یاسین نے لارنس روڈ امتحانی مراکز کا دورہ کیا، امتحانی مرکز میں 93 پرائیویٹ افراد کو نگران مقرر کیا گیا تھا جو فی پرچہ حل کرنے کے 7 ہزار مانگتے تھے۔ صوبائی وزیر نے تمام 93 پرائیویٹ نگرانوں کو برطرف کر دیا۔
طالب علم نے بتایا کہ پرائیویٹ نگران ایک پرچے کا 7 ہزار مانگتے تھے،ریاضی کے پرچے کیلئے زیادہ رقم کا تقاضہ کیا گیا۔ طالب علموں نے صوبائی وزیر کی موجودگی میں بیان ریکارڈ کروائے۔
صوبائی وزیر بلال یاسین نے کہا کہ امتحانی مراکز میں قانون کی کھلم کھلا خلاف ورزی پر لاہور میں 10 ایف آئی آر درج کی ہیں،ناقص ترین کارکردگی پر چیرمین اور کنٹرولر امتحانات کو عہدے سے ہٹایا گیا، تمام امتحانی مراکز میں سرکاری نگرانی مقرر کیے جائیں۔
بلال یاسین نے کہا کہ کابینہ کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر سخت ایکشن لیکر امتحانی عمل کو قانون کے مطابق بنانے کیلئے سرگرم ہے، رولز کی خلاف ورزی کسی صورت قابل قبول نہیں ہوگی، انتظامیہ نقل کو روکنے کیلئے ٹھوس اقدامات یقینی بنائے۔
سی ای او ایجوکیشن پرویز اختر اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔