(ویب ڈیسک ) سدھیر چودھری : سی ای او ریلوے عامر علی بلوچ نے ملازمین کی معمولی خطاؤں پر دی گئی سزائیں اور جرمانے معاف کرنے کا اعلان کر دیا۔تاہم معافی کا اطلاق حادثات کے کیسز اور مالیاتی خورد برد کے کیسز کا سامنا کرنے والے ملازمین پر نہیں ہو گا۔
سی ای او ریلوے نے یہ اعلان ریلوے اولڈ ڈیزل شیڈ میں مزدوروں سے خطاب کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک ماہ میں ساڑھے 8 سے 9 ارب روپے ریونیو کما رہے ہیں، جس کو 10 سے 12 ارب تک لے جائیں گے۔
سی ای او پاکستان ریلویز عامر علی بلوچ نے کہا کہ ٹرینوں کی آمدورفت میں بھی باقاعدگی 95 فیصد ہو گئی ہے۔ تمام ریلوے ملازمین کو تنخواہیں وقت پر مل رہی ہیں۔
عامر علی بلوچ کا کہنا تھا کہ ملازمین کے دیگر واجبات بھی بہت جلد ادا کر دیے جائیں گے۔ریلوے اکاموڈیشنز کی مرمت کا جامع پلان ترتیب دے رہے ہیں۔ ملازمین کا حق ان کو وقت پر ملے گا۔
سی ای او ریلوے کا کہنا تھا کہ سیلاب کے بعد اس وقت بہتر ٹرین آپریشن چلا رہے ہیں۔ مزدوروں کی محنت اور جذبے سے سلاب کے بعد حکومتی امداد کے بغیر ٹرین آپریشن بحال کیا۔