وزیراعظم کی ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن حمزہ خان کی حوصلہ افزائی ،1 کروڑ روپے کا انعامی چیک دیا

وزیراعظم کی ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن حمزہ خان کی حوصلہ افزائی ،1 کروڑ روپے کا انعامی چیک دیا
اسلام آباد: وزیرِ اعظم نے حمزہ خان کو حال ہی میں آسٹریلیاء میں عالمی جونیئیر چیمپئن شپ جیتنے پر مبارکباد پیش کی اور انکی کارکردگی کو سراہا۔ تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن حمزہ خان نے ملاقات کی ہے، وزیرِ اعظم نے حمزہ خان کو حکومت پاکستان کی طرف سے حوصلہ افزائی کیلئے ایک کروڑ روپے کا انعامی چیک بھی دیا۔ حمزہ خان نے وزیرِ اعظم کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان اسکواش فیڈریشن کے تعاون کی بھی تعریف کی۔ وزیرِ اعظم نے حمزہ کے والدین سے پشتو میں گفتگو بھی کی، حمزہ خان نے وزیرِ اعظم کو حمزہ کی حوصلہ افزائی پر شکریہ ادا کیا۔ وزیرِ اعظم نے حمزہ خان کو حال ہی میں آسٹریلیاء میں عالمی جونیئیر چیمیئین شپ جیتنے پر مبارکباد پیش کی اور انکی کارکردگی کو سراہا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ آپ جیسے باصلاحیت نوجوان ہماری قوم کا فخر اور قومی سرمایہ ہیں، پاکستان کو دہائیوں کے بعد اسکواش کا اتنا بڑا ٹائٹل جتوا کر مجھ سمیت پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا، اسکواش ایک بہترین کھیل ہے، ماضی میں میں بھی اسکواش کھیلتا رہا ہوں۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ امید ہے آپ جلد ہی اپنی محنت اور لگن سے اسکواش کا سینیئر عالمی ٹائیٹل بھی جیتیں گے،آپ پاکستان کے دیگر نوجوانوں اور کھلاڑیوں کیلئے رول ماڈل ہیں، میری ہمیشہ سے کوشش رہی کہ نوجوانوں کو کھیلوں کی بین الاقوامی سہولیات فراہم کی جائیں، حال ہی میں ہم نے پاکستان بھر میں کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کی ترقی کیلئے قومی اسپورٹس اقدامات کا اجراء کیا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پہلی اسپورٹس یونیورسٹی کا قیام اور اس ملک کے لاکھوں باصلاحیت نوجوانوں کو بین الاقوامی مقابلوں کیلئے تیار کرنے کی خاطر مالی اور تکنیکی سہولیات بھی اس پروگرام کا حصہ ہیں۔ ملاقات میں حمزہ خان کے والد نیاز اللہ خان اور انکی والدہ کے علاوہ وزیر بین الصوبائی رابطہ احسان اللہ مزاری، نعاون خصوصی شزا فاطمہ خواجہ، سیکٹری بین الصوبائی رابطہ حنیف اورکزئی اور سینئر وائس پریزیڈنٹ پاکستان سکواش فیڈریشن ایئر وائس مارشل کاظم حماد نے بھی شرکت کی۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔