ہماری عظیم فوج نے دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنا دیا

ہماری عظیم فوج نے دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنا دیا
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ نوشکی اور پنجگور میں پاکستانی فوج نے حملوں کو ناکام بناتے ہوئے 15 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ اپنے ایک ویڈیو پیغام میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ گذشتہ رات صوبہ بلوچستان کے علاقوں نوشکی اور پنجگور میں ہونے والے بڑے حملے کو ہماری عظیم افواج نے ناکام بنا دیا۔ انہوں نے بتایا کہ نوشکی میں 9 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا گیا جبکہ پاک فوج کے 4 عظیم جوانوں نے شہادت کا رتبہ پایا۔ اس کے علاوہ پنجگور میں 6 دہشتگرد مارے گئے۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پنجگور اور نوشکی دہشتگردوں کو باہر دھکیل دیا گیا۔ پنجگور میں اس وقت چند دہشتگرد پاک فوج کے گھیرے میں آ چکے ہیں۔ https://twitter.com/ShkhRasheed/status/1489113908887625729?s=20&t=-LBDLjEyx1LYkPRRCH_jBw خیال رہے کہ بلوچستان کے علاقوں نوشکی اور پنجگور میں فرنٹئیر کانسٹیبلری ( ایف سی) کے دفاتر پر دہشتگردوں کے حملے پاک فوج کے جوانوں نے ناکام بنا دیئے ہیں۔ دشمن کیساتھ جوانمردی سے لڑتے ہوئے ایک جوان شہید جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں متعدد دہشتگردوں کو جنہم واصل کر دیا گیا ہے۔ پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دہشتگردوں نے پنجگور میں 2 مختلف مقامات سے ایف سی دفتر میں داخل ہونے کی کوشش کی لیکن جوانوں کی فوری کارروائی سے انھیں ناکام بنا دیا گیا۔ دہشتگردوں کے جانی نقصان کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔ دوسری جانب نوشکی میں فرنٹئیر کانسٹیبلری کے دفتر میں داخل ہونے کی کوشش کو بھی فوری طور پر ناکام بنا دیا گیا اور اس جھڑپ میں 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا جبکہ ایک فوجی جوان زخمی ہوا۔ ان حملوں کی ذمہ داری بلوچستان لبریشن آرمی نے قبول کر لی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے پنجگور اور نوشکی میں دہشتگردوں کے حملے ناکام بنانے پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔ قوم کے تحفظ کے لئے سیکیورٹی فورسز مسلسل قربانیاں دے رہی ہیں۔ وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے ان حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجگور میں دھماکا فرنٹیئر کور کے کیمپ کے قریب ہوا۔ نوشکی میں آپریشن کلین اپ کا سلسلہ جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کے سامنے سینہ سپر ہیں۔ دہشت گردوں کے تمام عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔ یاد رہے کہ چند دن قبل بلوچستان کے علاقے کیچ میں 25 اور 26 جنوری کی درمیانی شب دہشتگردوں کے حملے میں 10 فوجی اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔ اس حملے کی ذمہ داری کالعدم عسکریت پسند تنظیم بلوچستان لبریشن فرنٹ نے قبول کی تھی۔ نوشکی کوئٹہ شہر سے تقریباً 150 کلومیٹر دور مغرب میں واقع ہے اور ضلع نوشکی کی سرحد شمال میں افغانستان سے لگتی ہے۔ دوسری جانب پنجگور صوبہ بلوچستان کے جنوبی حصے میں واقع ہے، جہاں سے ایران کی سرحد 100 کلومیٹر سے بھی کم فاصلے پر ہے جبکہ یہ کوئٹہ سے 500 کلومیٹر دور ہے۔

Watch Live Public News