لیبیا کشتی حادثے کا مرکزی کرداربدنام زمانہ انسانی اسمگلرگرفتار

لیبیا کشتی حادثے کا مرکزی کرداربدنام زمانہ انسانی اسمگلرگرفتار
کیپشن: لیبیا کشتی حادثے کا مرکزی کرداربدنام زمانہ انسانی اسمگلرگرفتار

ویب ڈیسک: شہریوں کو غیر قانونی سمندر کے راستے لیبیا بھجوانے میں ملوث بدنام زمانہ انسانی اسمگلر گرفتار کرلیا گیا۔ نثار احمد ججہ نامی ملزم کو چھاپہ مار کارروائی میں گجرانوالہ سے گرفتار کیا گیا۔ 

تفصیلات کے مطابق ملزم سادہ لوح شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورنے میں ملوث پایا گیا۔ ملزم نے شہری کو غیر قانونی طور یورپ براستہ لیبیا بھجوانے کے لیے لاکھوں روپے وصول کیے۔ 

ملزم کی گرفتاری کے لئے گزشتہ 3 دن سے انٹلیجنس بیسڈ آپریشن جاری تھا۔ ملزم گزشتہ 10 سال سے اسلام آباد زون کو مطلوب تھا۔ ملزم کے خلاف اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد میں سال 2014 میں مقدمہ درج ہوا تھا۔ ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش، نشاندہی پر مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔ 

دوسری جانب ایف آئی اے ذرائع کے مطابق لیبیا کشتی حادثے میں بدنام زمانہ انسانی سمگلر سمیت 6 ملزمان گرفتار کرلیے گئے ہیں۔ 

ڈی جی ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر کی ہدایات پر کشتی حادثات میں ملوث عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کردیا گیا ہے۔ لیبیا کشتی حادثے میں ملوث انتہائی مطلوب بدنام زمانہ انسانی سمگلر سمیت 6 ملزمان گرفتار کرلیے گئے ہیں۔ 

انتہائی مطلوب ملزم کی شناخت خرم شہزاد عرف خرم سنیارے کے نام سے ہوئی۔ دیگر ملزمان میں راجہ قدوس، عبدالنقاش، محمد عرفان، داود اور عثمان شبیر شامل ہیں۔ ملزمان کو گوجرانوالہ اور گجرات کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ ملزم خرم شہزاد عرف خرم سنیارے لیبیا کشتی حادثے میں ملوث ہے۔ ملزم لیبیا میں مقیم بین الاقوامی ایجنٹوں کا اہم کارندہ ہے ۔ملزم کا نام انتہائی مطلوب انسانی سمگلرز میں بھی شامل ہے۔ ملزم کمپوزٹ سرکل گجرات کو مطلوب تھا۔ ملزم نے کمسن بچے کو کشتی کے ذریعے یورپ بھجوانے کے لئے 10 لاکھ روپے بٹورے۔

لیبیا میں متاثرہ کو سیف ہاؤس میں رکھا گیا اور بعد ازاں کشتی کے ذریعے یورپ بھجوانے کی کوشش کی۔ کشتی حادثے میں کمسن بچے کی موت واقع ہوئی۔ ملزم کی گرفتاری کے لئے متعدد بار چھاپے مارے گئے جبکہ ملزم عبدالنقاش شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر بھاری رقوم بٹورنے میں ملوث ہے۔ چھاپے کے دوران ملزم سے متعدد پاسپورٹس برآمد کر لئے گئے۔

گرفتار انسانی سمگلر محمد عرفان نے متعدد شہریوں کو دبئی ملازمت کا جھانسہ دے کے 22 لاکھ روپے بٹورے۔ ملزم داؤد نے شہری کو البانیہ ملازمت کا جھانسہ دے کر 2 لاکھ 90 ہزار بٹورے جبکہ ملزم عثمان صابر عمرے کے نام پر شہریوں سے بھاری رقوم ہتھیانے میں ملوث ہے۔

ملزم نے 3 شہریوں سے مجموعی طور پر 6 لاکھ 75 ہزار روپے بٹورے۔ گرفتار ملزمان متاثرین کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہے۔ ملزمان بھاری رقوم وصول کر کے روپوش ہو گئے تھے۔ ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ 

ڈائریکٹر ایف آئی اے گوجرانوالہ زون عبدالقادر قمر کا کہنا تھا کہ کشتی حادثات میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاون جاری ہے۔ ملزمان کی گرفتاری کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ 

بتایا گیا ہے کہ گرفتار ملزم خرم سنیارہ لیبیا میں موجود اجمل سنیارے کا بھائی ہے اور آصف سنیارے کا رشتےدار ہے۔ آصف سنیارہ اور اجمل سنیارہ گزشتہ کئی سال سے لیبیا سے آپریٹ کر رہے ہیں اور متعدد مقدمات میں مطلوب ہیں۔

Watch Live Public News