اسلام آباد: (ویب ڈیسک) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اعلان کیا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کیخلاف آئندہ 24 گھنٹوں میں تحریک عدم اعتماد لائی جائے گی۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اپوزیشن قیادت اپنا ہوم ورک مکمل کر چکی ہے۔ اگلے 2 سے 3 دن بہت ہی اہم ہیں۔ ہوسکتا ہے اگلے 48 گھنٹوں میں بڑی خوشخبری آ جائے۔ انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہوں۔ حکومتی اتحادیوں سے بھی ہم سب رابطے میں ہیں۔ تحریک عدم اعتماد اور اجلاس کی ریکوزیشن دونوں ہی پر غور ہورہا ہے۔ ہماری لیگل ٹیم رابطے میں ہے، سارے امور کو دیکھا جا رہا ہے۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ میں 100 فیصد یقین کے ساتھ کہہ رہا ہوں کہ تحریک عدم اعتماد پر اس بار کامیابی یقینی ہے۔ صحافی نے سوال کیا کہ وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد کسے کیا ملے گا؟ اس پر جواب دیتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کیا آپ کو سب کچھ بتا دیں؟ اتنا کافی ہے، اب اپوزیشن میں کسی نکتے پر کوئی اختلاف نہیں ہے۔ اپوزیشن تمام حل طلب امور پر اتفاق رائے کرکے بہت آگے پہنچ چکی۔ اپوزیشن نے اپنے تمام اراکین اسمبلی کو اسلام آباد فوری پہنچنے کی ہدایت کر دی ہے۔