پبلک نیوز: ایف سی بلوچستان ( ساؤتھ) کی خدمات کا سفر جاری ہے۔رواں سال ایف سی بلوچستان ( ساؤتھ) کی جانب سے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے 20 سے زاائد فری میڈیکل کیمپس کا انعقاد کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق یہ میڈیکل کیمپس کیچ، دشت،ہوشاب، پنجگور، خاران، دالبندین اورنوکنڈی کے دور دراز علاقوں میں لگائے گئے۔میڈیکل کیمپس میں کل 7646 سے زائد مریضوں کامفت طبعی معائنہ اورمختلف لیب ٹیسٹوں کی سہولیات کے ساتھ ساتھ ادویات بھی فراہم کی گئیں۔
تعلیمی میدان میں ایف سی بلوچستان نے ہوشاب اور خاران کے علاقوں کے مختلف اسکولوں میں بیگز، کتابیں اور فرنیچر فراہم کیا جب کہ ہوشاب کے علاقے میں گرلز اسکول کی عمارت بھی تعمیر کی گئی۔ ان علاقوں کے مختلف اسکولوں کی عمارتوں کی ضروری مرمت بھی کی گئی،اس کے علاوہ ضلع خاران میں معذور اور خصوصی بچوں کے لیے اپنی نوعیت کا پہلا اسکول قائم بھی کیا گیاہے جو ایف سی بلوچستان کے زیر نگرانی چل رہا ہے۔
ایف سی بلوچستان ( ساؤتھ) کی جانب ہوشاب کے علاقے بلور اور پارکوٹیج میں مستحق بیواؤں اور ضرورت مندوں کے لیے پانچ گھروں کو مکمل تعمیر کیا گیا۔ مختلف علاقوں میں مستحق اور ضرورت مند ہزاروں خاندانوں میں مفت راشن تقسیم کیے جارہے ہیں جبکہ صاف پانی کی فراہمی کو مدنظر رکھتے ہوئے پنجگور،ہوشاب،تجابان اورخاران میں واٹر فلٹریشن اور آراو پلانٹ بھی لگائے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ ضلع چاغی کی تحصیل دالبندین میں پانچ سہولت مرکز بھی لگائے گئے ہیں جن کامقصد زائرین اورمقامی لوگوں کی مدد کرنا ہے۔اس کے علاوہ ایف سی بلوچستان نے کیچ، خاران، چاغی،گوادر اور جیونی کے سیلاب متاثرین کی امدادی کاروائیوں کے ساتھ ساتھ راشن کی فراہمی کو بھی یقینی بنایاہے۔