کراچی: ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی کرنسی کی قدر میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ آج بھی انٹربینک میں ڈالر 79 پیسے سستا ہو گیا۔ فاریکس ڈیلرز کے مطابق انٹربینک میں ڈالر 170 روپے سے نیچے آ گیا۔ اس کی قیمت 170.54 سے کم ہو کر 169.75 روپے ہو گئی ہے۔ یہ بات بھی ذہن میں رہے کہ جب سے سٹیٹ بینک نے ڈالر کی خریداری کیلئے بائیومیٹرک سرٹیفیکیشن کو لازمی قرار دیا ہے، ڈالر کی خریداری میں بہت زیادہ کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ ڈیلرز کا کہنا ہے کہ اس لازمی شرط سے پہلے ڈالر کی روزانہ کی بنیاد پر 80 لاکھ ڈالر تک خریداری ہوتی تھی جو اب صرف 30 لاکھ ڈالر تک ہی رہ گئی ہے۔ واضح رہے کہ سٹیٹ بینک نے پانچ سو ڈالر تک کی خریداری پر بائیو میٹرک سرٹیفکیشن لازمی قرار دیدی ہے۔