پنڈورا لیکس سے وزیراعظم کے موقف کو تقویت ملے گی

پنڈورا لیکس سے وزیراعظم کے موقف کو تقویت ملے گی

اسلام آباد(پبلک نیوز)‌وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پنڈورا لیکس میں غریب ممالک کا پیسہ بیرون ملک منتقل کرنے کی تفصیلات آتی ہیں تو اس سے وزیر اعظم عمران خان کے موقف کو مزید تقویت ملے گی.

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں‌وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پانامہ کی طرح پنڈورا لیکس میں غریب ممالک کا پیسہ بیرون ملک منتقل کرنے کی تفصیلات آتی ہیں تو اس سے وزیر اعظم عمران خان کے موقف کو مزید تقویت ملے گی ۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں امید ہے کہ یہ تحقیقات بھی پانامہ تحقیقات کی طرح شفافیت کے نئے راستے کھولے گی اور کرپشن کی حوصلہ شکنی کا ایک اور موجب بنیں گی۔

ایک اور ٹؤئٹ میں انکا کہنا تھا کہ پانامہ پیپرز نے دنیا کے بڑےکرپٹ لوگوں کے بیرون ملک چھپائے اثاثوں کو بے نقاب کیا، اب کہا جارہا ہے کہ #ICIJ کی ایک اور تحقیق سامنے آرہی ہے، عمران خان نے امیر ملکوں پر زور دیا ہے کہ غریب ملکوں سے چرایا گیا پیسہ امیر ملکوں میں چھپانے کی حوصلہ شکنی ہونی چاہئے.

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی زمان پارک کی رہائش گاہ پر رجسٹرڈ 2آف شور کمپنیوں پر معاون خصوصی شہباز گل کا ردعمل سامنے آ گیا. شہباز گل نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا کوئی بےنامی اکاونٹ نہیں، ماضی میں ایک آف شور کمپنی استعمال کی گئی جو عدالت میں بتاچکے،عمران خان اپنی ساری جائیداد کی تفصیلات عدالت میں پیش کرچکے ہیں، وزیراعظم سے پوچھا انہوں نے کہاکہ میرا کوئی رشتہ دار فریدالدین نہیں،عمران خان کے رشتے دار نے بتایا زمان پارک میں دو گھر ایک پتے پر ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کا فریدالدین سے براہ راست کوئی تعلق نہیں،وزیراعظم کے کسی دوست یا ملازم کا نام بھی فرید الدین نہیں،سپریم کورٹ وزیراعظم عمران خان کو صادق اور امین قراردے چکی ہے،ہم ان لوگوں کی طرح نہیں ،سوال پوچھیں تو کہتےہیں پتہ نہیں

واضح رہے کہ مالی امور پر سب سے بڑی تحقیقات، پاناما پیپرز کے بعد پنڈورا پیپرز تہلکہ مچانے کے لئے تیار ہے، آئی سی آئی جے آج ایک کروڑ 19 لاکھ فائلوں پر مشتمل تفصیلات جاری کرے گا. تحقیقات میں دو پاکستانی صحافیوں سمیت 117ممالک کے 600 صحافیوں اور 150میڈیا تنظیموں نے حصہ لیا، پنڈورا پیپرز میں پاکستان اور مختلف ملکوں کی اہم شخصیات کی مالی تفصیلات بھی شامل ہیں.

Watch Live Public News

مصنّف پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات سے فارغ التحصیل ہیں اور دنیا نیوز اور نیادور میڈیا سے بطور اردو کانٹینٹ کریٹر منسلک رہے ہیں، حال ہی میں پبلک نیوز سے وابستہ ہوئے ہیں۔