'ہمایوں اور مہوش نے بہت کام کر لیا، اب دوسروں کو موقع ملنا چاہیے'

'ہمایوں اور مہوش نے بہت کام کر لیا، اب دوسروں کو موقع ملنا چاہیے'
پاکستان کے مایہ ناز ڈرامہ رائٹر خلیل الرحمان قمر نے کہا ہے کہ ہمایوں اور مہوش نے بہت کام کر لیا، اب دوسروں کو موقع ملنا چاہیے۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی کے پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے خلیل الرحمان قمر نے پاکستانی معروف اداکارہ مہوش حیات کی تعریف کی اور ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ 'وہ بہت اچھی اداکارہ ہیں، انہوں نے فلم میں بہت اچھی اداکاری کی لیکن میں نے اس کے ساتھ آخری فلم کی ہے'۔ ڈرامہ رائٹر کا کہنا تھا کہ 'میرا نہیں خیال کہ میں اب مہوش کیلئے مزید لکھ پاؤں گا، میں ہمایوں سعید کے لیے بھی لکھ لکھ کر تھک گیا ہوں، میں اب مزید ان کی ذمہ داری نہیں لے سکتا'۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ 'اب ان لوگوں پر کوئی اور رائٹر کام کرے، مجھے ان کی عمر سے کوئی مسئلہ نہیں ہے اور نا ہی میرے لیے عمر اہمیت رکھتی ہے لیکن مجھے لگتا ہے کہ اب انہوں نے بہت سارا کام کر لیا ہے، اب دوسروں کو بھی موقع ملنا چاہیے'۔ واضح رہے کہ اس ہی انٹرویو میں انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ وہ معروف اداکارہ ماہرہ خان کو ماضی میں کیے گئے ان کے ایک ٹوئٹ پر بھی معاف کر چکے ہیں۔ دوسری جانب اداکار نعمان اعجاز کے بارے میں بات کرتے ہوئے خلیل الرحمان نے کہا کہ میں نے نعمان اعجاز کا آڈیشن لیا تھا جس میں وہ فیل ہو گیا تھا۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔