(ویب ڈیسک ) طیفی بٹ کے بہنوئی کے قتل میں نامزد ملزم قیصر بٹ کی جانب سے سرنڈر کرنے کا اعلان کردیا گیا۔
طیفی بٹ کے بہنوئی جاوید بٹ کے قتل پر ورثا نے مقدمے کے اندراج کیلئے درخواست دی جس میں قیصر بٹ کو نامزد کیا گیا۔
ملزم قیصر بٹ کا ویڈیو بیان سامنے آگیا ہے۔جس میں اس کا کہنا ہے کہ ہمارا اس قتل سے کوئی تعلق نہیں، ہم پولیس کے سامنے سرنڈر کریں گے اور پولیس کو مطمئن کریں گے۔
جاوید بٹ کے ورثا کی درخوست پر تھانہ اچھرہ میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ مقدمے میں 302 ،324 اور 334 کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
ورثا نے مقدمے میں امیر بالاج کے بھائی امیر فتح ، قیصر بٹ اور دو نامعلوم افراد کو نامزد کیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں کینال روڈ پرا یف سی انڈر پاس کے قریب گاڑی پر فائرنگ سے طیفی بٹ کے بہنوئی جاوید بٹ کو قتل کردیا گیا تھا۔
اس حوالے سے پولیس کا کہنا تھا کہ جاوید بٹ اپنی اہلیہ ثمینہ کے ہمراہ اپنی پوتی اور پوتوں کو اسکول سے لینے جا رہے تھے۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن کے مطابق ایف سی کالج انڈر پاس کے قریب 2 موٹر سائیکل پر سوار 4 افراد نے فائرنگ کی۔فائرنگ سے 5 گولیاں جاوید بٹ کو لگی اور 2 گولیاں اہلیہ کو لگیں۔فائرنگ سے جاوید بٹ موقع پر جاں بحق ہوگیا۔